Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر عوامی مسائل سے غفلت برتنے کا الزام

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر عوامی مسائل سے غفلت برتنے کا الزام

ٹی آر ایس کے اقتدار پر عوام کو افسوس، صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا کا بیان

ٹی آر ایس کے اقتدار پر عوام کو افسوس، صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا کا بیان
حیدرآباد /9 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر عوامی مسائل سے غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے سات ماہ مکمل ہونے کے باوجود ٹی آر ایس حکومت نیند سے بیدار نہیں ہوئی۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے چیف منسٹر کے دورۂ ضلع ورنگل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ورنگل کی ایک سلم بستی میں اگر مسائل کے ڈھیر ہو سکتے ہیں تو پوری ریاست کو کتنے مسائل کا سامنا ہوگا؟ جس کا اندازہ لگانا کوئی مشکل کام نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو اقتدار سونپ کر عوام افسوس کر رہے ہیں۔ انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کو سبز باغ دکھایا، جس کی وجہ سے تلنگانہ کے عوام نے ٹی آر ایس پر بھروسہ کیا، جب کہ تلنگانہ ریاست کانگریس نے تشکیل دی ہے۔ اب سات ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود مسائل جوں کے توں برقرار ہیں اور مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر وعدے کرکے صرف ٹائم پاس کر رہے ہیں اور عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاکر گمراہ کر رہے ہیں۔ انھیں معلوم ہے کہ وعدے کی تکمیل ممکن نہیں ہے، اس کے باوجود وعدے پہ وعدے کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایمسٹ امتحان کو دونوں ریاستیں متنازعہ بناکر طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو پریشان کر رہی ہیں۔ اسکالر شپس اور فیس باز ادائیگی اسکیم تعطل کا شکار ہے، جس کی وجہ سے طلبہ پر تعلیمی اداروں کا دباؤ بڑھ رہا ہے، مگر حکومت صرف تماشہ دیکھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دس ماہ کے لئے تلنگانہ کا بجٹ ایک لاکھ کروڑ روپئے منظور کیا گیا، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ منظورہ بجٹ کا 30 فیصد بھی اب تک خرچ نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے سماج کے تمام طبقات پریشان ہیں۔ عوامی اعتماد بحال کرنے کی بجائے چیف منسٹر دیگر جماعتوں کے قائدین کو اپنی جماعت میں شامل کرنے کے لئے سارا زور صرف کر رہے ہیں اور ریاست کی ترقی کو یکسر نظرانداز کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT