Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر تلنگانہ ’ کے سی آر ‘ کے نام سے رام گوپال ورما کی فلم سازی

چیف منسٹر تلنگانہ ’ کے سی آر ‘ کے نام سے رام گوپال ورما کی فلم سازی

ٹوئیٹر پر تعریف کے ساتھ ہٹلر سے تعبیر ، این ٹی آر اور وائی ایس آر دور حکومت سے تقابلی جائزہ

ٹوئیٹر پر تعریف کے ساتھ ہٹلر سے تعبیر ، این ٹی آر اور وائی ایس آر دور حکومت سے تقابلی جائزہ
حیدرآباد۔15 اگست ( سیاست نیوز)رام گوپال ورما کی اگلی فلم کا نام ’’کے سی آر ‘‘ ہوگا ۔ معروف ہدایت کار رام گوپال ورما نے کے سی آر کے نام سے فلم بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ ہدایت کار جو کہ حقائق پر مبنی واقعات اور اہم شخصیتوں کی زندگیوں سے جڑی کہانیوں پر فلمیں بنانے کیلئے مشہور ہیں نے گذشتہ یوم اپنے ٹوئیٹراکاؤنٹ کے ذریعہ اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم کے سی آر بنانے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر دیئے گئے اپنے پیغام کے ذریعہ اپنے مداحوں کو اس بات سے واقف کروایا کہ وہ کے سی آر کو پسند کرتے ہیں اور انہیں این ٹی راما راؤ کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی میں جو بات نظر نہیں آئی وہ بات کے سی آر میں نظر آرہی ہے‘ اسی لئے وہ اپنی اگلی فلم کے سی آر پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ ٹوئیٹر پر دیئے گئے پیامات میں رام گوپال ورما نے کے سی آر کی مختلف انداز سے تعریف بھی ہے اور ایک جگہ یہ بھی کہا ہے کہ کے سی آر اچھے ہٹلر ہیں۔ انہوں نے کے سی آر کو این ٹی آر اور وائی ایس آر سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’کہنے میںکے سی آر وائی ایس آر اور این ٹی آر سے اچھا معلوم ہوتا ہے ‘۔ رام گوپال ورما نے ایک ٹوئیٹر پیغام میں ’’ہٹلر کو برا کے سی آر اور کے سی آر کو اچھا ہٹلر‘‘ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کسی بھی جگہ یہ واضح نہیںکیا کہ اُن کی یہ فلم چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زندگی پر مبنی ہوگی یا اُن سے متعلق ہوگی ۔ کے سی آر فلم سے متعلق انہوں نے کم از کم پانچ ٹوئیٹ کئے ہیں جس میں مختلف طرح سے کے سی آر کو بہتر قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔ رام گوپال ورما نے سابق میں پریٹالہ روی کی زندگی اور گروہ واری رقابتوں پر فلم ’’رکت چریتر‘‘ بنائی تھی اور اُس کی کافی مقبولیت کے بعد انہوں نے ’’رکت چریتر۔2‘‘ بناتے ہوئے پریٹالہ روی ‘ سوری اور ان کی سرپرستی کرنے والے سیاستدانوں پر مشتمل فلم بنائی اور وہ بھی بڑی حد تک کامیاب ہوئی ۔ رام گوپال ورما کی جانب سے دیگر کئی واقعات پر بھی فلمیں بنائی جاچکی ہے اور اُن کی فلموں کی کہانیوں کا حقیقت سے قریب ہونے کے باعث یہ فلمیں کافی مشہور ہوتی ہیں ۔ جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والے ہدایت کار رام گوپال ورما بالی ووڈ میں کافی کامیاب اور بہترین فلمیں بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT