Saturday , December 16 2017
Home / سیاسیات / چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کا دورہ گرداسپور

چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کا دورہ گرداسپور

پٹھان کوٹ حملہ میں جان بحق سپاہیوں کے سوگواروں سے ملاقات
گرداسپور ( پنجاب ) ۔ 13 ۔ جنوری : (سیاست ڈاٹ کام) : چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے پٹھان کوٹ کے دہشت گردانہ حملہ میں جان بحق سیکوریٹی فورس کے اہلکاروں اور ایک ٹیکسی ڈرائیور کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور لواحقین کے لیے فی کس 2 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے حوالدار کلونت سنگھ ، کیپٹن فتح سنگھ اور ٹیکسی ڈرائیور اقبال سنگھ کے افراد خاندان سے ملاقات کی ۔ ضلع گرداسپور کے دیہات چکسہ شریف اور جھنڈا گجیران کے متوطن کلونت اور فتح نے دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردی تھیں ۔ جنہوں نے پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈہ پر اچانک حملہ کردیا تھا ۔ ٹیکسی ڈرائیور اقبال سنگھ کو ہوائی اڈہ پر حملہ سے ایک دن قبل دہشت گردوں نے ہلاک کردیا تھا جو کہ پٹھان کوٹ میں بھگوال گاؤں کا متوطن تھا ، مسٹر کجریوال نے عاپ کی جانب سے مہلوکین کے لواحقین کو فی کس 2 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سپاہی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بدولت آج ہم اپنے مکانات میں چین کی نیند لے رہے ہیں اور ہمارے فوجیوں نے پٹھان کوٹ فضائی اڈہ کی حفاظت کے لیے عظیم قربانی دی ہے جسے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا ۔ ان بہادر سپاہیوں نے ملک کے لیے لڑا تھا جن پر ساری قوم کو فخر ہے ۔ مسٹر اروند کجریوال کی پارٹی آئندہ سال پنجاب اسمبلی انتخابات میں مقابلے کی خواہش مند ہے کل وہ مکتسر میں ماگھی میلہ کے موقع پر ایک سیاسی کانفرنس کو مخاطب کریں گے اور آج شب بھٹنڈہ میں شب گذاری کریں گے ۔ سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے موقع پر کجریوال کے ہمراہ سینئیر عاپ قائدین سنجے سنگھ ، سچ سنگھ چھوٹے پور ، اشوتوش اور ایچ ایس بھولگا بھی تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT