Friday , October 19 2018
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کی سالگرہ تقاریب، قائدین و حامیوں کا جوش و خروش

چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کی سالگرہ تقاریب، قائدین و حامیوں کا جوش و خروش

دعائیہ اجتماعات، مریضوں میں میوہ کی تقسیم، خون کا عطیہ کیمپ، وزراء ، ارکان اسمبلی و کونسل اور چیرمین کی شرکت

حیدرآباد۔/17فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی 64 ویں سالگرہ تقاریب آج ریاست بھر میں دھوم دھام سے منائی گئیں۔ آئندہ سال عام انتخابات کے پیش نظر ٹی آر ایس کیڈر اور قائدین نے سالگرہ تقاریب کے انعقاد میں غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ ریاستی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اضلاع اور انتخابی حلقوں میں ایک سے زائد مقامات پر سالگرہ تقاریب کا اہتمام کیا۔ سالگرہ کے موقع پر خصوصی بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے گئے اور غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم، کھانا کھلانے اور دواخانوں میں پھلوں کی تقسیم جیسے پروگرام منعقد کئے گئے۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون میں چیف منسٹر کی دختر اور رکن پارلیمنٹ کویتا نے کیک کاٹا۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو، پارٹی جنرل سکریٹری سنتوش کمار، رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اقلیتی قائدین کے ہمراہ تلنگانہ بھون میں سالگرہ تقریب میں شرکت کی اور کیک کاٹا۔ ریاست کی تمام اہم مندروں میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین نے درگاہ یوسفینؒ پر حاضری دی۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین اور پارٹی کے اقلیتی قائدین نے چادر گل اور غلاف پیش کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کی درازی عمر اور ریاست کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ رکن پارلیمنٹ کویتا نے مہانکالی مندر سکندرآباد میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سرینواس یادو اور اندرا کرن ریڈی موجود تھے۔ کویتا نے بنسی لال پیٹ ڈیویژن کے چاچا نہرو نگر میں غریبوں کے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ نیکلس روڈ جل وہار میں ریاستی وزیر سرینواس یادو کی جانب سے سالگرہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خواتین میں کپڑے تقسیم کئے گئے جبکہ معذوروں میں سہارے کی لکڑیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس ودیارتھی کی جانب سے چیف منسٹر کی سالگرہ تقاریب منعقد کی گئیں اور رکن پارلیمنٹ کویتا نے کیک کاٹا۔ رکن کونسل ایس راجو نے خون کا عطیہ دیا۔ ارکان مقننہ پی راجیشور ریڈی، کرنے پربھاکر اور ٹی آر ایس وی کے صدر وی سرینواس اور تلنگانہ جاگروتی کے قائدین نے پروگرام میں شرکت کی۔ چاچا نہرو نگر میں ڈبل بیڈ روم مکانات کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ہر خاتون چیف منسٹر کے سی آر کو آشیرواد دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی کے اقدامات میں تلنگانہ کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس نے ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ عوام نے 100 کارپوریٹرس کو منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح عوام نے ٹی آر ایس پر اعتماد کا اظہار کیا تمام 100 منتخب کارپوریٹرس عوام کی خدمت میں جُٹ گئے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے حکومت نے کئی منفرد اسکیمات شروع کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT