Wednesday , July 18 2018
Home / Top Stories / چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ’ کنویں کے مینڈک ‘ محمد علی شبیر کا ریمارک

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ’ کنویں کے مینڈک ‘ محمد علی شبیر کا ریمارک

تھرڈ فرنٹ ایک فلاپ شو ثابت ہوگا ، دلتوں سے معذرت خواہی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو ’ کنویں کا مینڈک ‘ اور بجھتا ہوا چراغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھرڈ فرنٹ ایک فلاپ شو ہے ۔ جس طرح کے سی آر پر عوام کو بھروسہ نہیں ہے اسی طرح دیوے گوڑا پر بھی عوام کو اعتبار نہیں ہے ۔ دستور ہند تشکیل دینے والے عظیم رہنما بی آر امبیڈکر کو ان کی 127 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش نہ کرنے پر دلت طبقات اور قوم سے معذرت خواہی کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ سے مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں سابق وزیر ڈی سریدھر بابو کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ آج ساری قوم دستور ساز ، بھارت رتن و مجاہد آزادی کی یوم پیدائش منا رہی ہے اور ان کی خدمات و قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے ۔ سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی تقریب میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے شرکت نہیں کی اور نہ ہی ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ چیف منسٹر نے اپنے فائیو اسٹار آفس میں آرام کو ترجیح دیتے ہوئے دلتوں کے چمپئن اور قومی ہیرو کی توہین کی اور دلت طبقات کے جذبات کو ٹھیس پہونچایا ہے ۔ عوام اور دلت طبقات ٹی آر ایس اور کے سی آر کو ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ بی آر امبیڈکر نے ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے ساتھ مسلم تحفظات کی بھی وکالت کی تھی ۔ یہی نہیں دوسرے مجاہدین آزادی بابو جگجیون رام ، جیوتی راؤ پولے اور مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے قومی ہیروز کو خراج پیش کرنے کی جو روایت تھی اس کو ختم کرتے ہوئے غلط مثال پیش کرنے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے تھرڈ فرنٹ تشکیل دینے کی کوشش کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کولکتہ پہونچکر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی جس کے دوسرے دن ممتا بنرجی نے دہلی پہونچ کر سونیا گاندھی سے ملاقات کی ۔ جے ڈی ایس کے سربراہ دیوے گوڑہ بھروسہ کے قابل نہیں ہے ۔ سیاسی مفاد پرستی کے لیے وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں وہ نیشنل فرنٹ میں رہے ۔ کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے میں رہے اور بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے میں رہے مگر کبھی کسی کے نہیں ہوئے تھرڈ فرنٹ کا خواب ایک فلاپ شو ہے ۔ عوام سے کئے گئے وعدوں اور حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کے سی آر نے تھرڈ فرنٹ کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر بے بھروسہ ہے ماضی میں کانگریس اور تلگو دیشم سے اتحاد کرنے والے چیف منسٹر اب بی جے پی کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT