Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کرناٹک کے اقدامات کی ستائش

چیف منسٹر کرناٹک کے اقدامات کی ستائش

آر ڈی ایس کے پیاکیج اور محبوب نگر کو پانی پر نمائندگی کا مثبت اثر ، کیپٹن اتم کمارریڈی
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کرناٹک سے ضلع محبوب نگر کو ایک ٹی ایم سی پانی جاری کرنے آر ڈی ایس کو ماڈر نائیزیشن کرنے کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کرنے پر چیف منسٹر کرناٹک سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ گذشتہ 2 سال سے آر ڈی ایس کو نظر انداز کرنے کا حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر سابق ریاستی وزیر مسز ڈی کے ارونا اور کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر سمپت کمار بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ کانگریس قائدین کا ایک وفد کل بنگلورو پہونچکر چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدا رامیا سے ملاقات کرتے ہوئے آر ڈی ایس کے پیاکیج I اور II کے کاموں میں تیزی لانے اور ضلع محبوب نگر میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے پانی جاری کرنے کی اپیل کی تھی ۔ جس پر مثبت ردعمل کا اظہار کرنے والے چیف منسٹر کرناٹک نے آج ایک ٹی ایم سی پانی نارائن پور سے جورالا کو جاری کردیا ہے ۔ جس کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی خیر مقدم کرتی ہے اور چیف منسٹر سدا رامیا سے اظہار تشکر کرتی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ کی جانب سے کانگریس قائدین کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کانگریس کے دور اقتدار میں تعمیر کردہ تمام آبپاشی پراجکٹس کا اعزاز خود حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ریاست میں جتنے بھی آبپاشی پراجکٹس زیر تعمیر ہے وہ کانگریس کی دین ہے ۔ تاہم سستی شہرت حاصل کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کانگریس کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے گذشتہ 2 سال کے دوران آر ڈی ایس کو مکمل نظر انداز کردیا ہے ۔ ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا ہے لیکن تلنگانہ کانگریس کے قائدین نے چیف منسٹر کرناٹک سے کامیاب نمائندگی کی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو تلنگانہ کے مفادات سے زیادہ مہاراشٹرا کے مفادات عزیز ہے ۔ پراجکٹ کی بلندی کو 152 میٹر سے گھٹا کر 148 میٹر کردیا گیا ہے ۔ آر ڈی ایس کو عصری سہولتوں سے لیس کرنے کی صورت میں صرف اسمبلی حلقہ عالم پور ضلع محبوب نگر میں 83 ہزار ایکڑ اراضی کو پانی سیراب ہوگا ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بے شمار قرض حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو مقروض بنانے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے 10 ہزار کروڑ روپئے ایل آئی سی 10 ہزار کروڑ روپئے نبارڈ اور ہڈکو سے 20 ہزار کروڑ روپئے قرض حاصل کیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT