Tuesday , August 14 2018
Home / Top Stories / چیف منسٹر کیرالا نے ماڈل پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ کا معائنہ کیا

چیف منسٹر کیرالا نے ماڈل پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ کا معائنہ کیا

حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن جسے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک کے دوسرے ماڈل پولیس اسٹیشن ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے کو آج ایک وی آئی پی مہمان کی میزبانی کا موقع ملا۔ چیف منسٹر کیرالا پنیرائی وجین نے آج پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہونچ کر وہاں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی اور انچارج کمشنر حیدرآباد مسٹر ڈی ایس چوہان موجود تھے۔ مہندر ریڈی نے چیف منسٹر کیرالا کو حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مکمل طور پر استعمال کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام اور عوام کو نمایاں خدمات فراہم کرنے سے متعلق تفصیلات بتائے۔ مہندر ریڈی نے چیف منسٹر کیرالا کو اس بات سے بھی واقف کروایا کہ پولیس اسٹیشنس کو عصری بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہوا ہے جس میں انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کی تھی۔ چیف منسٹر کیرالا پنیرائی وجین حیدرآباد سٹی پولیس کی کارکردگی کی ستائش کی اور اسے قابل تقلید قرار دیا۔ حیدرآباد پولیس کمشنر کی جانب سے مختلف ایپس متعارف کئے گئے ہیں جن میں ہاک آئی، ٹی ایس کاپ وغیرہ شامل ہیں۔ اس اختراعی کوشش سے بھی چیف منسٹر کیرالا بے حد متاثر ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT