Wednesday , August 15 2018
Home / Top Stories / چیف منسٹر کی آج لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار

چیف منسٹر کی آج لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار

image description

۔7000 افراد مدعو ، ریاست کی 800مساجد میں افطار کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 7 ۔جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کل 8 جون کو لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی۔ عہدیداروں نے اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور کی نگرانی میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ پولیس نے اسٹیڈیم کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور سیکوریٹی کے سخت انتظامات رہیں گے۔ 7000 مدعوئین کیلئے افطار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ان میں دعوت ناموں کے اعتبار سے انٹری گیٹس کا تعین کیا گیا ۔ وی آئی پی گیٹ سے صرف اہم شخصیتوں کو داخلہ کی اجازت رہے گی۔ دعوت افطار کے انتظامات کے سلسلہ میں سابق میں چار برسوں تک تجربہ رکھنے والے کلکٹر وقار آباد سید عمر جلیل کو خصوصی طور پر حیدرآباد طلب کیا گیا ہے۔ وہ انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔ خاص طور پر اہم شخصیتوں کے استقبال اور ان کی نشستوں کے انتظام کی ذمہ داری انہیں دی گئی ہے۔ عمر جلیل نے آج ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے انتظامات کی تفصیلات حاصل کی۔ حکومت کی جانب سے لال بہادر اسٹیڈیم کے علاوہ ریاست بھر میں 800 مساجد میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہر مسجد میں 500 افراد کیلئے کھانے کا انتظام رہے گا۔ طعام کے انتظامات کیلئے ہر مسجد کمیٹی کو ایک لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 432 مساجد میں دعوت افطار کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مقامی پولیس اسٹیشن کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کو انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چیف منسٹر کی دعوت افطار میں 50 یتیم بچوں کو کپڑوں کا تحفہ پیش کیا جائے گا ۔ ریاستی وزراء ، عوامی نمائندے ، اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ مذہبی شخصیتوں اور ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے قائدین کو دعوت نامے جاری کئے گئے۔
چیف منسٹر کی دعوت افطار میں وی آئی پی سیکشن کے دعوت نامے حاصل کرنے کیلئے ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے عہدیداروں پر دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ دعوت ناموں کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے دفتر سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وی آئی پی انکلوزر میں صرف اہم شخصیتوں کو داخلہ کی اجازت دی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT