Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر کے خلاف زبان درازی پر ہم خاموش نہیں رہیں گے : وزیر داخلہ

چیف منسٹر کے خلاف زبان درازی پر ہم خاموش نہیں رہیں گے : وزیر داخلہ

حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کارگزار چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف من مانی و اندھا دھند باتیں کرنے پر خاموشی اختیار نہ کرنے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ اگر ہم سیاسی انتقامی کارروائی کرنا چاہتے ہیں تو ہاوزنگ اسکام میں خود مسٹر اتم کمار ریڈی کو گرفتار کرواسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق رکن اسمبلی کانگریس پارٹی مسٹر جگا ریڈی کے خلاف حکومت کو شکایات وصول ہونے پر ہی ان شکایات کی مکمل تحقیقات کروانے کے بعد ہی پولیس نے انہیں گرفتار کیا ۔ وزیر داخلہ نے مسٹر ریونت ریڈی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ جوبلی ہلز ہاوزنگ سوسائٹی کیس میں گذشتہ 15 سال سے حکم التواء برقرار تھا لیکن گذشتہ دنوں حکم التواء ختم ہوجانے کی وجہ سے ہی پولیس کی جانب سے انہیں نوٹسیں جاری کئے گئے ۔ وزیر داخلہ مسٹر نرسمہا ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم ریڈی کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ پولیس کو دھمکانے اور پولیس کے وقار کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس پارٹی کی حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی تمام اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کرنے کے موقف میں نہیں ہے جس کی وجہ سے ہی دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کانگریس کی یہ کوششیں ناکام ثابت ہوں گی اور اس بات کا ادعا کیا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ہی انتخابات میں شاندار کامیابی کے دوبارہ برسر اقتدار ائے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT