Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / چیف منسٹر گجرات آنندی بین نے گورنر کو استعفیٰ پیش کردیا

چیف منسٹر گجرات آنندی بین نے گورنر کو استعفیٰ پیش کردیا

بی جے پی صدر امیت شاہ کو نئے چیف منسٹر کے انتخاب کا اختیار، کل گجرات لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس
نئی دہلی ۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کی چیف منسٹر آنندی بین پٹیل نے بالآخر آج گورنر او پی کوہلی کو آج اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ بی جے پی نے اپنے صدر امیت شاہ کو لیجسلیچر پارٹی سے مشاورت کے بعد آنندی بین کے جانشین کے انتخاب کا اختیار دیدیا ہے جس کے ساتھ ہی نئے چیف منسٹر کے انتخاب کا عمل تیز تر ہوگیا ہے۔ اس مقصد کیلئے گجرات لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوگا اور امیت شاہ جمعرات کو احمدآباد پہنچیں گے۔ وزیراعظم کی رہائش گاہ پر بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد اس پارٹی کے سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے کہا تھا کہ آنندی بین پٹیل آج شام تک گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کردیں گی۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ نے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور بی جے پی جنرل سکریٹری سروج پانڈے کو لیجسلیچر پارٹی کے اس اجلاس کیلئے مبصرین کی حیثیت سے نامزد کیا ہے، جس میں نئے لیڈر کا رسمی طور پر انتخاب عمل میں آئے گا۔

 

امیت شاہ جو خود بھی گجرات کے ایک رکن اسمبلی ہیں، اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ بی جے پی ارکان اسمبلی میں سے ہی کسی ایک کا نئے لیڈر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آئے گا۔ انہوں نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ امیت شاہ ہی آنندی بین کی جگہ لیں گے اور کہا کہ پارٹی کو قومی سطح پر ان (شاہ) کی قیادت کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے اس پارٹی کو بلندیوں پر پہنچایا ہے اور وہ مزید کئی کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے۔ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں جانشین کیلئے کسی نام پر تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ ’’پارلیمانی بورڈ نے سبکدوشی کیلئے آنندی بین کی درخواست کو منظوری دیدی۔ وہ بہت جلد 75 سال کی ہوجائیں گی اور اس سے پہلے سبکدوشی کی خواہاں تھیں۔ انہوں نے چیف منسٹر اور اس سے قبل وزیر کی حیثیت سے بہت اچھے کام کئے ہیں‘‘۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آنندی بین 18 سال سے وزارت میں رہی ہیں جو غالباً کسی بی جے پی لیڈر کیلئے فقیدالمثال ہے۔ گجرات کابینہ میں دوسرے مقام کے حامل نتن پٹیل اور گجرات بی جے پی یونٹ کے صدر وجے روپانی جو ایک وزیر بھی ہیں، آنندی بین پٹیل کے جانشین کی دوڑ میں شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT