Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / چیف منسٹر یوپی کیلئے کلیان سنگھ بی جے پی کے امیدوار !

چیف منسٹر یوپی کیلئے کلیان سنگھ بی جے پی کے امیدوار !

لکھنؤ ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے سینئر لیڈر کلیان سنگھ کو چیف منسٹر کا امیدوار بنائے جانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان انہوں نے اس سوال کو قیاس پر مبنی اور مفروضہ قرار دیا۔ راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ کی 84 ویں سالگرہ کے موقع پر بی جے پی کارکنوں کی کثیر تعداد ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئی اور ان سے گورنر راجستھان کے عہدہ سے سبکدوش ہوتے ہوئے اترپردیش بی جے پی کی باگ ڈور سنبھال لینے کی درخواست کی۔ حلقہ اناؤ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے کہا کہ ’’کلیان دراصل بی جے پی میں پسماندہ طبقات کا چہرہ ہیں۔ اگر انہیں کوئی ذمہ داری دی جاتی ہے تو اس میں کسی جلد بازی کی ضرورت نہیں ہے۔ کلیان سنگھ سے ان قیاس آرائیوں پر تبصرہ کی خواہش کی گئی تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ ’’یہ سوال محض ایک خیال اور مضحکہ خیز ہے‘‘۔ تاہم کلیان سنگھ نے اپنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یو پی میں 2017ء کے اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی ہی آئندہ حکومت تشکیل دے گی۔ عوام، ایس پی اور بی ایس پی حکومتوں کو دیکھ چکے ہیں اور اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ بی جے پی متبادل فراہم کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT