Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / چیف منسٹر 22 اگست کو عازمین حج کے تیسرے قافلہ کو وداع کریں گے

چیف منسٹر 22 اگست کو عازمین حج کے تیسرے قافلہ کو وداع کریں گے

حج ہاوز میں 9 اگست سے کیمپ کا آغاز ، 21 اگست کو ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی جھنڈی دکھائیں گے
حیدرآباد۔/16اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 22اگسٹ کو تلنگانہ عازمین حج کے تیسرے قافلہ کو وداع کریں گے جبکہ  پہلے قافلہ کو 21اگسٹ کو ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی جھنڈی دکھائیں گے۔ حج 2016 کیلئے حج ہاوز میں 19 اگسٹ کو کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ کل 17اگسٹ کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کا معائنہ کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے روانگی اور واپسی کے موقع پر دی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ چہارشنبہ کو ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ سکریٹری اقلیتی بہبود اور دیگر عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔ جی ایم آر کے اعلیٰ حکام حج ٹرمنل کے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ اس دورہ میں ایر انڈیا، کسٹمس، شہری ہوا بازی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 21تا 28اگسٹ حج قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی اور پہلا قافلہ 21 اگسٹ کو 10:30 بجے دن حج ہاوز سے روانہ ہوگا جبکہ ان کی فلائیٹ دوپہر 2 بجکر 10منٹ پر شمس آباد ایر پورٹ پر اُڑان بھرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور سنٹرل حج کمیٹی کے صدرنشین چودھری محبوب قیصر پہلے قافلہ کو وداعی کریں گے۔ دوسرے قافلہ کی پرواز 22 اگسٹ کی صبح  6بجکر 20منٹ پر ہوگی جس کیلئے رات دیر گئے 2 بجے حج ہاوز سے قافلہ کو روانہ کیا جائے گا۔ اسی دن تیسری پرواز رات 9 بجکر 30منٹ پر ہے جس کیلئے حج ہاوز سے شام 5 بجے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قافلہ کو جھنڈی دکھائیں گے۔ اسی دوران حج کیمپ کی تیاریاں اختتامی مرحلہ میں داخل ہوچکی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں اور انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل گذشتہ دو دن سے حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حج ہاوز کے گراؤنڈ فلور پر موجود ہال کو خالی کردیا گیا ہے اور وہاں عازمین حج کے لگیج کا انتظام کیا گیا۔ جی ایم آر نے وزن کرنے والی مشین روانہ کردی ہے۔ اس ہال میں اقامتی اسکولس کا میٹریل اور ان کا دفتر کام کررہا تھا جس کا تخلیہ کردیا گیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے مطابق رباط کیلئے 428 عازمین حج کی گنجائش پر مشتمل عمارت کی تصریح ناظر رباط کو حاصل ہوچکی ہے۔ ناظر رباط زائد عازمین کے انتظامات کی کوشش کررہے ہیں۔ رباط کی دوسری عمارت میں قیام کیلئے منتخب عازمین کی فہرست اوقاف کمیٹی کی جانب سے جلد ہی جاری کردی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT