Monday , February 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / چیلسی کو 4-1 کی ایک اور حیران کن شکست

چیلسی کو 4-1 کی ایک اور حیران کن شکست

 

واٹفورڈ۔8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام)انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی کی ناکامیوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور واٹفورڈ فٹبال کلب نے لیگ کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک چیلسی کو 1-4کے واضح فرق سے شکست دے کر ایک اور حیران کن نتیجہ دیا۔ مقابلے میں 4گول آخری 8منٹس میں اسکور ہوئے اور ان میں ایک گول چیلسی کے کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ نے اسکور کیا جبکہ باقی واٹفورڈ کے نام رہے اور ساتھ ہی برابر ہوجانے والے میچ کا پانسہ بھی پلٹ گیا۔میچ کا پہلا ہاف برابری پر ختم ہونے والا تھا کہ چیلسی کے گول کیپر نے واٹفورڈ کے کھلاڑی جیراڈ ڈیلوفیوکو حملے کی کوشش کے دوران گراتے ہوئے خطرناک فاول کیا جس کے نتیجے میں ریفری نے واٹفورڈ کو پنالٹی کک دے دی اور اسے گول میں بدلنے میں ٹروئے ڈینی نے کوئی غلطی نہیں۔ دوسرے ہاف کے دوران میچ 82ویں منٹ تک اسی اسکور پر واٹفورڈ کے حق میں تھا کہ چیلسی کے کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ نے بہت شاندار کک کے ذریعے مقابلہ برابر کردیا اور محسوس ہونے لگا کہ چیلسی کو ایک نشان مل ہی جائے گا لیکن اگلے 6 منٹوں کے دوران واٹفورڈ کی جانب سے کئے جانے والے3گولز نے چیلسی سمیت سب کو ششدر کردیا۔ ڈیرل جنمات، روبرٹو پیریرااور جیراڈ ڈیلوفیو نے یکے بعد گول کئے اور میچ چیلسی کے ہاتھ سے نکل گیا۔واٹفورڈ نے اپنے گھریلو میدان پر سابق چیمپیئن ٹیم کو اس بڑی شکست کے ذریعہ مزید مسائل سے دوچار کردیا۔ چیلسی گزشتہ10 میچوں کے دوران8مرتبہ شکست سے دوچار ہو چکی ہے اور اس نئی ہزیمت نے اس کے لئے پریمیئر لیگ میں کسی نمایاں مقام کے حصول کے امکانات کو بھی دھکا پہنچایا ہے۔ ٹیموں کے جدول میں چیلسی کی ٹیم اس وقت چوتھے نمبر پر ہے جبکہ سرفہرست ٹیم مانچسٹر سٹی اس سے19نشانات آگے ہے۔ اس کامیابی سے واٹفورڈ کے مقام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی لیکن چیلسی کو واضح طور پر نقصان پہنچا ہے۔گزشتہ ہفتے اسی لیگ میں بورنماوتھ نے اسے0-3سے شکست دی ہے۔ یہ ناکامیاں کوچ انتونیو کونٹے کے لئے بھی پریشان کن ہیں اور وہ اپنے عہدے سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT