Friday , April 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / چیمپیئنز لیگ کا حیران کن نتیجہ، مانچسٹر یونائیٹیڈ لیگ سے باہر

چیمپیئنز لیگ کا حیران کن نتیجہ، مانچسٹر یونائیٹیڈ لیگ سے باہر

اولڈ ٹریفورڈ۔15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ہسپانوی کلب سیویلانے چیمیئنز لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں بڑا حیران کن نتیجہ دیتے ہوئے انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو1-2 سے شکست دی اورکوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرلی جبکہ انگلش کلب لیگ سے باہر ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا اور سیویلا نے دوسرے میچ میں کامیابی کے نتیجے میں انگلش کلب کو اس گھریلو میدان پر شکست دیتے ہوئے فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ میچ کا پہلا ہاف برابر رہا اور تینوں گول دوسرے ہاف میں کئے گئے۔سیویلا کے فرانسیسی اسٹرائیکر وسام بن حیدر نے 5منٹوں میں2گول کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ اور اس کے شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیااور میچ کے اختتام سے پہلے ہی اسٹیڈیم مقامی تماشائیوں سے خالی ہو چکا تھا جبکہ ایک کونے میں موجود ہسپانوی تماشائی اپنی ٹیم کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ اگرچہ میچ ختم ہونے سے چند منٹ پہلے انگلش کلب کے کھلاڑی لوکاکو نے ایک گول کردیا تھا تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ کی مایوس کن شکست پہلے ہی یقینی ہوچکی تھی۔میچ کے کسی مرحلے میں میزبان ٹیم اپنے روایتی کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکی اور اس میں وہ جوش و جذبہ نظر نہیں آیا جس کے بل بوتے پر ہسپانوی کلب اسے زیر کرنے میں کامیاب ہوا۔ اپنے گھریلو میدان پر پہلے مرحلے کے میچ میں سیویلا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو باندھ کر رکھا اور پھر ان کے میدان میں بھی انہیں کچھ کر دکھانے کا موقع نہیں دیا۔ وسام بن حیدر کو کوچ نے72ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتارا تھا لیکن انہوں نے اگلے 6 منٹوں میں وہ کر دکھایا جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ وسام نے انگلش کلب کے ہسپانوی گول کیپر کو بڑی خوب صورتی سے چکمہ دے کر پہلا گول اسکور کیا اور صرف4منٹ بعد ساتھی کھلاڑی کے کراس پر ہیڈ کے ذریعے دوسرا گول کرکے یہ برتری دگنی کردی۔ بن حیدر اس سیزن میں کلب کے ٹاپ اسکور ر ہیں اور اس میچ میں بھی وہ ہیرو بنے ۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اس لیگ کا سابق چیمپیئن ہے لیکن وہ ہسپانوی حریف کے سامنے بے بسی کا شکار نظر آرہا تھا۔ کوچ جوز مورینہو نے پے درپے کئی تبدیلیاں کیں تاہم ٹیم خود پر طاری جمود کو نہیں توڑ سکی۔

TOPPOPULARRECENT