Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / چیمپیئنز ٹرافی کی انعامی تقسیم ‘ کھلاڑیوں میں اختلافات

چیمپیئنز ٹرافی کی انعامی تقسیم ‘ کھلاڑیوں میں اختلافات

کراچی ۔22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستانی ٹیم کی پذیرائی کیلئے تقریبات کے انعقاد اور انعامات کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے لیکن انعامات کی یکساں تقسیم نہ ہونے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔گزشتہ ماہ ہندوستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم پر انعامات کی بارش شروع ہو گئی اور پہلے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا اور پھر اس کے بعد 22کروڑ روپے کی ایونٹ کی انعامی رقم بھی کھلاڑیوں میں تقسیم کر دی گئی۔صرف یہی نہیں بلکہ آرمی چیف نے ٹیم کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا جبکہ دیگر اداروں کی جانب سے بھی تقریبات کا انعقاد کر کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ بڑے بڑے اداروں نے ان کیلئے انعامات کا بھی اعلان کیا۔تاہم کھلاڑیوں میں اختلافات کا پہلا نظارہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب بول نیٹ ورک نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا اور ٹیم کیلئے ایک کروڑ روہے کا اعلان کیا جس میں سے ایک بڑا حصہ کپتان سرفراز احمد کیلئے رکھا گیا لیکن کپتان نے کھلاڑیوں کے حق میں کھڑے ہوتے ہوئے رقم کی یکساں تقسیم کا مطالبہ کیا جس سے یہ بات وہیں دب گئی لیکن بحریہ ٹاؤن کی جانب سے منعقدہ تقریب اس سلسلے میں نقطہ آغاز ثابت ہوئی جہاں بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کیلئے 10لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا لیکن کپتان سرفراز اور فائنل کے مین آف دی میچ فخر زمان کو ایک کنال کا پلاٹ بھی دیا گیا جس پر کھلاڑیوں میں بے چینی صاف نظر آئی۔اکثر کھلاڑیوں کو امید تھی کہ ان کو بھی پلاٹ دینے کا اعلان کیا جائے گا لیکن ایسا نہ ہوا اور تقریب کے دوران اس معاملے پر ٹیم کے چند اراکین نے چہ مگوئیاں شروع کر دیں۔

TOPPOPULARRECENT