Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / چینائی کی صورتحال میں قدرے بہتری ۔ بارش کا سلسلہ رکا

چینائی کی صورتحال میں قدرے بہتری ۔ بارش کا سلسلہ رکا

چینائی 4 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چینائی میں نسبتا بہتر صورتحال پیدا ہوئی ہے کیونکہ بارش کا سلسلہ رک گیا ہے اور شہریوں کی مشکلات پر قابو پانے راحت کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ کہا گیا ہے کہ سیلاب کے نتیجہ میں جن مقامات پر پانی جمع ہوگیا تھا وہاں سطح آب میں تیزی سے گراوٹ آ رہی ہے ۔ موبائیل فونس سروسیس کو آج جزوی طور پر بحال کیا جاسکا ہے جو بارش کی وجہ سے گذشتہ تین دن سے شدید متاثر تھیں ۔ اس کے علاوہ اے ٹی ایم اور دوسری سہولیات ہنوز بحال نہیں ہوسکی ہیں۔ کل دن میں بارش کا سلسلہ رک گیا تھا تاہم شام میں بارش ہوئی تھی لیکن آج صبح سے مطلع صاف رہا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ۔ کہا گیا ہے کہ بارش کاسلسلہ رک جانے کے نتیجہ میں چیمبراپکم ‘ پونڈی اور پزہل جھیلوں سے پانی کے اخراج میں بہت کمی آئی ہے ۔ حالانکہ شہر کے کئی مقامات پر پانی کی سطح میں کمی آ رہی ہے لیکن شہریوں کی مشکلات ہنوز برقرار ہیں کیونکہ احتیاطی اقدام کے طور پر کئی علاقوں میں برقی سربراہی کو معطل رکھا گیا ہے ۔ عوام کیلئے صاف پینے کا پانی حاصل کرنا بھی انتہائی مشکل ہوگیا ہے ۔ دودھ اور اخبارات کی سپلائی بھی رکاوٹوں کا شکار رہی جبکہ کئی شہریوں نے شکایت کی کہ ترکاریاں ہنوز بھاری قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں ۔ آج بارش کا سلسلہ رکنے اور سڑکوں پر سطح آب میں کمی آنے کے بعد گاڑیوں کی حمل و نقل میں قدرے بہتری پیدا ہوئی ہے ۔ محدود تجارتی پروگراموں کو آج صبح ارکونم کے مقام سے بحال کیا جاسکا ہے ۔ سب اربن چینائی ۔ اراکونم روٹ پر ٹرین خدمات کو بھی جزوی طور پر بحال کیا جاسکا ہے جبکہ بڑی ٹرینوں کی آمد و رفت رکی ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT