Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / چین میں سوپر سمندری طوفان ’’ساؤڈلر‘‘، 9 ہلاک

چین میں سوپر سمندری طوفان ’’ساؤڈلر‘‘، 9 ہلاک

تائیوان میں تباہی مچانے کے بعد چین نشانہ ، فضائی اور ریلوے ٹریفک متاثر

بیجنگ۔ 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سوپر سمندری طوفان ساؤڈلر سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور دیگر 3 لاپتہ ہوگئے جبکہ اس طوفان نے مشرقی چین میں اپنے پیچھے تباہی کی ایک داستان چھوڑی ہے۔ جڑوں سے اکھڑے ہوئے درخت، برقی سربراہی منقطع اور گزشتہ 100 سال میں پہلی بار زبردست ترین بارش سرکاری ذرائع ابلاغ کے بموجب موسلادھار بارش کے نتیجہ میں زمین کھسکنے اور زمین بیٹھ جانے کے واقعات پیش آئے جن کی وجہ سے کئی مکان منہدم ہوگئے۔ 2 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے۔ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں جاریہ سال کا سب سے بڑا سمندری طوفان آیا تھا جس کے ساتھ 230 کیلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آندھی چل رہی تھی جس کی وجہ سے گزشتہ رات چین کے ساحلی علاقوں میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے۔ 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں۔ اندیشہ ہے کہ یہ افراد یا تو سیلابی پانی میں بہہ گئے یا منہدمہ مکانات کے ملبہ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ون ژاؤ شہر میں جو صوبہ ژی جیانگ میں ہے، سرکاری خبر رساں ادارہ ژنہوا کے بموجب مقامی سیلاب اور خشک سالی پر قابو پانے اور راحت رسانی کے عہدیداروں نے کہا کہ تائیوان میں تباہی مچانے کے بعد جہاں 11 افراد ہلاک ہوگئے اور 102 زخمی ہیں، ساؤڈلر نے چین کے صوبہ فوجیان اور پڑوسی علاقہ ژی جیان و جیانگ زی صوبوں میں جاریہ ہفتہ کے اواخر میں تباہی مچائی۔ ساؤڈلر نے وین چیانگ کاؤنٹی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 645 ملی میٹر بارش برسائی جو گزشتہ 100 سال کی زبردست ترین بارش تھی۔ وین ژاؤ میں جملہ 2 لاکھ 21 ہزار 900 افراد متاثر ہوئے ۔ مالی نقصان کا اندازہ 24 کروڑ 80 لاکھ یوان (4 کروڑ امریکی ڈالر) بتایا جاتا ہے۔ صوبہ ژی جیان میں بارش اور طوفان کا انتباہ آج ابتدائی ساعتوں میں جاریہ کردیا گیا۔ تاحال 16 شہر اور کاؤنٹیاں متاثر ہیں۔ جہاں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر فوڈنگ میں 501 ملی میٹر بارش ہوئی جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔ صوبائی دارالحکومت فوژاؤ کے بیشتر مضافاتی علاقہ زیرآب ہیں۔ 10 ہزار سے زیادہ درخت گرچکے ہیں۔ سڑکیں زیرآب ہونے کی وجہ سے نقل و حرکت بند ہوگئی ہے۔ کل رات ایک لاکھ 63 ہزار 200 افراد کا تخلیہ کروایا گیا ہے۔ 20 لاکھ گھرانوں کو برقی سربراہی منقطع ہوگئی ہے۔ عاجلانہ بنیادوں پر تعمیر و مرمت کے ذریعہ 6 لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو برقی سربراہی بحال کی گئی ۔3 ایرپورٹس بند کردیئے گئے اور 530 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ 6 ایکسپریس ویز بند کردیئے گئے ہیں۔ 191 تیز رفتار ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ دریں اثناء طوفان ساؤڈلر کے آگے بڑھ جانے کی اطلاع ملی ہے۔

TOPPOPULARRECENT