Saturday , November 18 2017
Home / خواتین کا صفحہ / ڈائری لکھناایک صحت مند سرگرمی

ڈائری لکھناایک صحت مند سرگرمی

ڈائری لکھناایک بہت ہی صحت مند سرگرمی ہے اس مقصد کیلئے آپ کو کسی بھی طرح کی امدادی اشیاء کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ نہ ہی یہ سلائی بنائی کی طرح کوئی محنت طلب کام ہے ۔ بس ایک ڈائری اور ایک پین۔ ڈائری اپنے آپ میں ایک الگ دنیاہے ۔ روز مرہ کی مصروفیات اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو قلمبند کرنا یوں تو ایک غیر اہم بات لگتی ہے لیکن جب یہی تحریر چند دنوں کے بعد ملاحظہ کی جاتی ہے تو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ماضی کا سرمایہ لگتی ہیں ۔ اپنی ڈائری ایک طرح سے آپ کے جذبات کے نکاس کا ذریعہ ہوسکتی ہے ۔ اپنے احساسات ، بچوں کی ننھی ننھی باتیں کہ بچے نے کب بولنا شروع کیا ۔ کب چلنا شروع کیا کونسی شرارت آپ کو بہت اچھی لگی ۔ کس بات پر آپ کو ڈر محسوس ہوا ۔ اس کے علاوہ اپنی شوہر کی اور بچوں کی دلچسپیاں ، سرگرمیاں ، نوک جھونک ، خوش گوار لمحات ، سب کچھ تحریر کرسکتی ہیں ۔ ڈائری لکھنے کیلئے آپ کو وقت نکالنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ دن بھر میں جب بھی فارغ لمحات میسر ہوں تو ڈائری لکھنے بیٹھ جائیں ۔ عام طور پر رات کے وقت ڈائری لکھنا زیادہ بہتر ہوتا ہے ۔ روزانہ ممکن نہ ہوتو ایک یا دو دن کے وقفہ دے کر بھی ڈائری لکھی جاسکتی ہے ۔ اپنے احساسات اور جذبات کو ضبط تحریر میں لاکر انسان خود کو پرسکون محسوس کرتا ہے ۔ پھر یہی ڈائری آپ کی بہترین ساتھی بھی بن جاتی ہے ۔ ڈائری کی ورق گردانی آپ کو ماضی کی اچھی بری باتوں سے ملاقات کرادیتی ہے ۔ ہر نئے دن کی نئی باتیں اس میں محفوظ رہتی ہیں کچھ وقت گذرنے کے بعد یہ باتیں ماضی کی یاد یں بن جاتی ہے ۔ ڈائری کے اوراق میں درج واقعات اور خیالات و احساسات کو پڑھ کر اپنے حال کو بہتر بنانے ، ماضی کی اچھی عادات اور مصروفیات کو دہرانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ اپنی بہتری پر خوشی کا احساس ہوتا ہے ۔ یوں ذہن ترو تازہ ہوجاتا ہے بہت سی الجھنوں کا حل مل جاتا ہے ۔ ذہنی تناؤ اور ڈپریشن سے نجات مل جاتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT