Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / ڈاکٹر ایم چناریڈی سے علیحدہ تلنگانہ تحریک کا آغاز : این نرسمہاریڈی

ڈاکٹر ایم چناریڈی سے علیحدہ تلنگانہ تحریک کا آغاز : این نرسمہاریڈی

کے چندراشیکھر راؤ حصول ریاست میں کامیاب، وزیرداخلہ تلنگانہ کاخطاب

حیدرآباد ۔ 13 جنوری (سیاست نیوز) وزیرداخلہ ریاست تلنگانہ مسٹر این نرسمہاریڈی نے کہا کہ حصول علحدہ ریاست تلنگانہ کے مطالبہ پر سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی نے نہ صرف جدوجہد کا آغاز کیا تھا بلکہ جدوجہد علحدہ تلنگانہ کیلئے اہم رول ادا کیا تھا۔ آج یہاں اندرا پارک کے پاس واقع ڈاکٹر ایم چناریڈی میموریل راک گارڈن پر منعقدہ ڈاکٹر ایم چناریڈی کی 99 ویں یوم پیدائش تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ تلنگانہ نے کہا کہ حصول علحدہ ریاست کیلئے ایم چناریڈی کی جدوجہد کافی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر چناریڈی نے جدوجہد علحدہ ریاست کو کمزور نہیں کیا تھا بلکہ اس جدوجہد کو اونچائی تک لے گئے تھے اور مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ڈاکٹر چناریڈی کے بتائے ہوئے راستہ پر گامزن ہوکر دوبارہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد کا آغاز کرکے بالآخر علحدہ ریاست تلنگانہ کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ نرسمہاریڈی نے مزید کہا کہ مسز سونیا گاندھی نے مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو دیئے گئے تیقن کے مطابق ہی اپنے تیقن کو پورا کرنے کیلئے ہی مسز سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لائی۔ اس تقریب میں چیف منسٹر یانڈی جیری مسٹر نارائنا سوامی، سابق چیف منسٹر آندھراپردیش و سابق گورنر ٹاملناڈو مسٹر کے روشیا نے بھی شرکت کی۔ مسٹر کے روشیا نے اپنا اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کیلئے آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی کی جدوجہد نہ صرف اہمیت کی حامل تھی بلکہ ناقابل فراموش تھی۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے اپنی نیک توقعات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر پانڈی چیری مسٹر نارائن سوامی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ حقیقت میں علحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے جدوجہد کی ابتداء و آغاز آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی نے ہی کی تھی بلکہ جدوجہد کی بناء ڈالی تھی۔ پانڈی چیری چیف منسٹر مسٹر نارائن سوامی نے آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی ڈاکٹر ایم چناریڈی نے انہیں سیاسی مشورے دیا کرتے تھے اور ان کے دیئے ہوئے سیاسی مشوروں پر وہ آج بھی گامزن ہیں۔ اس موقع پر مری چناریڈی میموریل ٹرسٹ کے عہدیداروں بشمول مسٹر ایم ششی دھر ریڈی سکریٹری ڈاکٹر ایم چناریڈی میموریل ٹرسٹ بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT