ڈاکٹر حیدر خان کو آج مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ کی پیشکشی

لال بہادر اسٹیڈیم میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پیش کریں گے
حیدرآباد ۔10۔ نومبر (سیاست نیوز) مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ برائے سال 2016 ء حیدرآباد کے ممتاز فزیشن سماجی خدمت گزار اور تعلیم کے شعبہ میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیت ڈاکٹر حیدر خاں کو پیش کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بروز ہفتہ11 نومبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے ضمن میں منعقد ہونے والی تقریب میں یہ ایوارڈ پیش کریں گے۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے یہ ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے۔ 11 نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کے ضمن میں تلنگانہ اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے تقریب منعقد کی جائے گی ۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے آج ڈاکٹر حیدر خاں سے ملاقات کی اور انہیں ایوارڈ سے متعلق مکتوب حوالہ کیا۔ حکومت نے ایوارڈ کے سلسلہ میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اتفاق رائے سے ڈاکٹر حیدر خاں کے نام کو منظوری دی۔ ڈاکٹر حیدر خاں کا شمار میسکو کے بانیوں میں ہوتا ہے جس کے تحت مختلف تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں اور اس ادارہ کے ذریعہ ڈاکٹر حیدر خاں نے کئی فلاحی اور رفاہی کام انجام دیئے۔ وہ میسکوکے صدر بھی رہے اور ہر ماہ اردو گھر مغلپورہ میں مختلف امراض پر لکچر کا اہتمام برسوں کیا جاتا رہا۔ لال بہادر اسٹیڈیم پر تقریب کا آغاز شام 4 بجے ہوگا جس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس ایوارڈ کے تحت دو لاکھ 25 ہزار روپئے ، توصیف نامہ اور مومنٹو دیا جائے گا۔ ایوارڈ کی رقم ایک لاکھ 25 ہزار تھی اور تلنگانہ حکومت نے اسے جاریہ سال دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT