Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈاکٹر صارب رسول خاں کو عالمی سفیر امن کا ایوارڈ

ڈاکٹر صارب رسول خاں کو عالمی سفیر امن کا ایوارڈ

اقوام متحدہ کے عالمی یوم امن کے موقع پر ہوٹل تاج دکن میں یادگار تقریب، معززین کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر صارب رسول خاں کو اقوام متحدہ کے عالمی یوم امن کے موقع پر عالمی سفیر امن کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 21 ستمبر کو ہوٹل تاج دکن حیدرآباد میں منعقدہ ایک یادگار تقریب میں یہ ایوارڈ مہمان خصوصی شری کے سوامی گوڑ اور بین الاقوامی سفیر امن مسٹر ایم اے مجیب کی جانب سے دیا گیا۔ یہ ایوارڈ تقریب اقوام متحدہ یونیورسل پیس فیڈریشن کے انٹرنیشنل پیس ایوارڈ کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس میں ڈاکٹر صارب رسول خاں کو زبردست تہنیت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر صارب رسول خاں مینجنگ ڈائرکٹر شاداں انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج نمرہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اور ایان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ہیں۔ ہر سال 21 ستمبر کو ساری دنیا میں عالمی یوم امن منایا جاتا ہے۔ جنرل اسمبلی نے اس دن کو امن کے فروغ اور امن نظریات کو مستحکم کرنے کیلئے مقرر کردیا ہے۔ تمام اقوام کے اندر عوام میں امن کو فروغ دیا جاتا ہے۔ اس سال 2017ء کا عنوان امن برائے بقائے باہم، سلامتی اور تمام کے لئے وقار تھا۔ حیدرآباد میں منعقدہ اس تقریب میں شہر کی ممتاز شخصیتوں وی وی آئی پیز اور وی آئی پی نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی لیجسلیٹیو کونسل چیرمین کے سوامی گوڑ نے حکومت ہند کی جانب سے شروع کردہ انٹرنیشنل پیس اینڈ فرینڈ شپ کمیٹی قائم کرنے اپنی خواہش کا اظہار کیا جس کے ذریعہ حکومت ہند کی جانب سے امن کے پیام کو پھیلایا جاسکتا ہے۔ ساری دنیا میں امن کا پیام عام کرنا ہے۔ انہوں نے اس تقریب میں موجود مندوبین سے کہا کہ وہ اضلاع اور مواضعات کو اختیار کرلیں اور امن و دوستی کے پیام کو عام کریں۔ اس تقریب میں شریک تمام ممتاز سیاسی و سماجی شخصیتوں نے ڈاکٹر صارب رسول خاں کو عالمی سفیرامن کا ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور ان کی تعلیمی خدمات اور سرگرمیوں کی ستائش کی۔ ڈاکٹر صارب رسول خاں کی جانب سے ایک ذمہ دار ہندوستانی شہری کے طور پر خدمات انجام دینے اور ان کی صلاحیتوں کے آئینہ میں ایک قابل محترم مقام پر پہنچنے پر بھی مبارکباد دی گئی۔ انٹرنیشنل سفیر امن مسٹر ایم اے مجیب نے کہا کہ انٹرنیشنل پیس امبسیڈر آفس کے جیوری پیانل اور ایشیا ورلڈ ویژن نیویارک نے ہندوستانی شہریوں کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کا سروے کروایا تھا جس میں ڈاکٹر محمد صارب رسول خاں کی عظیم خدمات اور شاندار ریکارڈ کو ملحوظ رکھتے ہوئے انہیں اس سال کے عالمی سفیرامن کیلئے منتخب کیا گیا۔ اس پیانل میں ڈاکٹر صارب اور ان کی تنظیموں کی جانب سے انجام دی گئی مثالی خدمات اور کارناموں کو تسلیم کیا گیا ہے۔ ایک پرامن سماج کے لئے انہوں نے جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ اس تقریب میں جن ممتاز سیاستدانوں اور معززین نے شرکت کی۔ ان میں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی، لیجسلیٹیو کونسل چیرمین سوامی گوڑ، اسپیکر تلنگانہ اسمبلی مدھوسدن چاری، ایڈیشنل ڈی جی انجانی کمار جانکی راجگوپال، عدنان سلیم، چیوڑلہ ایم پی کے وشویشور ریڈی، ٹی آر ایس ایم ایل سی جناب فاروق حسین، مجسٹریٹ مسٹر باشاہ نواز خاں، مشیر برائے حکومت تلنگانہ و سابق کمشنر پولیس آئی پی ایس مسٹر اے کے خاں آئی پی ایس ابھیناش موہانتی، صدر انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن مسٹر جابر پٹیل، مسٹر کاظم علی خاں وقف پروٹیکشن کمیٹی، محمد حافظ علی، عامر جاوید، سرینواس چاوا، ایڈوکیٹ ہائیکورٹ اینڈ کونسل جنرل سرنامے، ایم بی ٹی ترجمان مسٹر امجداللہ خاں خالد، مسٹر حسنین صابری، ایم ڈی ڈریم انڈیااور صابری آپٹیکلس، مسٹر عارف مشیر برائے اسپیکر، مسٹر ارشدخان، ڈاکٹر ہارون، مسٹر ولی اللہ اور دیگر کئی معززین قابل ذکر ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT