Monday , September 24 2018
Home / Top Stories / ڈاکٹر عبدالکلام کی رہائش گاہ کے دورہ میں کوئی سیاست نہیں

ڈاکٹر عبدالکلام کی رہائش گاہ کے دورہ میں کوئی سیاست نہیں

کمل ہاسن نے سابق صدرجمہوریہ کے بڑے بھائی سے ملاقات کرکے آشیروادلیا
رامیشورم (ٹاملناڈو) ۔ 21 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی ہند کے سوپر اسٹار کمل ہاسن نے آج کہا کہ انھوں نے اے پی جے عبدالکلام کی رہائش گاہ رامیشورم کا دورہ کیا ہے اور اس دورہ میں کوئی سیاسی عنصر شامل نہیں ہے ۔ دراصل وہ ڈاکٹر عبدالکلام کے اسکول کا دورہ کرنا چاہتے تھے جہاں سابق صدرجمہوریہ نے تعلیم حاصل کی تھی لیکن مقامی نظم و نسق نے انھیں وہاں جانے کی اجازت نہیں دی ۔ کمل ہاسن نے ڈاکٹر عبدالکلام کے مکان پہونچکر سابق صدرجمہوریہ کے بڑے بھائی محمد میراں لیبائی ماریکر سے ملاقات کی اور ان سے اپنی نئی سیاسی پارٹی کے قیام اور ترقی کیلئے آشیرواد حاصل کیا ۔ سوپر اسٹار نے آج مدورائی سے اپنی نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کیاہے ۔ تاہم وہ ڈاکٹر عبدالکلام کے اسکول کا دورہ نہیں کرسکے جہاں سے انھوں نے تعلیم حاصل کی تھی ۔ ضلع نظم و نسق نے انھیں اسکول کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی اور کہاکہ یہ دورہ سیاسی نوعیت کا ہے ۔ کمل ہاسن کو ضلع نظم و نسق کے رویہ پر غصہ آیا اور انھوں نے کہا کہ مجھے بزرگ سائنسداں کی تعلیمات سے سبق حاصل کرنے سے کوئی روک نہیں سکتا ۔ انھوں نے ڈاکٹر عبدالکلام کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ حب الوطن تھے اور ان کے اندر کئی خوبیاں تھے۔ ڈاکٹر عبدالکلام میرے لئے اہم ترین شخص ہیں ۔ میں ان کی حب الوطنی اور تاثرات سے بیحد متاثر ہوں ۔ ان کے مکان کا دورہ کرنے میں میرے اندر کوئی سیاسی مفاد نہیں ہے اور نہ ہی اسکول کا دورہ کرنے میں بھی کوئی سیاسی مفاد پوشیدہ تھا ۔ وہ مجھے اسکول جانے سے روک سکتے ہیں لیکن سیکھنے سے نہیں !۔ اپنی فلموں میں سے ایک فلم کے گیت کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کمل ہاسن نے کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں گے اگر ان کی راہ میں رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی تو انھیں توڑ کر آگے بڑھیں گے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا ایک اداکار کی حیثیت سے ان کے اندر موجود اوتار اور ایک سیاستداں کے درمیان کوئی فرق محسوس ہورہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ سابق صدرجمہوریہ نے اپنی حیات میں یہی درس دیا ہے کہ بہتر نظام کو فروغ دیا جانا چاہئے ۔ سینما عوام کے ساتھ جوڑنے والا درمیانی راستہ ہے ۔ جہاں تک سیاست کا تعلق ہے سیاستداں سب سے زیادہ ذمہ دار شخص ہوتا ہے ۔ کمل ہاسن کی یہاں موجودگی پر ان کے مداحوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT