Tuesday , July 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / ڈاکٹر لیری پر کمرہ عدالت میں لڑکیوں کے والد کا حملہ

ڈاکٹر لیری پر کمرہ عدالت میں لڑکیوں کے والد کا حملہ

 

میشی گن۔3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ریاست مشی گن میں استحصال کا نشانہ بننے والی3 لڑکیوں کے والد نے امریکی جمناسٹکس ڈاکٹر لیری نیسر پر کمرہ عدالت میں حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم جمناسٹرز کے والد رینڈل مارگریوز کو کمرہ عدالت میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا۔عدالت میں جہاں پر شیطان صفت ڈاکٹر لیری نیسر کو بٹھایا گیا تھا اس جانب بھاگنے سے قبل رینڈل مارگریوز نے جج سے کہا کہ انھیں اس شیطان کے ساتھ ایک بند کمرے میں 5منٹ دئیے جائیں۔جس کے جواب میں خاتون جج جینس کنینگھم نے کہا کہ وہ اس کی اجازت نہیں دے سکتیں۔اس کے بعد رینڈل مارگریوز نے جج سے صرف ایک منٹ کی اجازت طلب کی۔جج نے پھر سے دہرایا کہ وہ ایسا بھی نہیں کر سکتیں، ایسے میں عدالت میں شور شرابے کی آوازیں گونجیں اور جمناسٹرز لڑکیوں کے والد انتقام اور غصے میں ڈاکٹر لیری نیسر کی جانب دوڑے۔اس سارے واقعے کے بعد ڈاکٹر لیری نیسر کے خلاف استحصال کرنے کے اس مقدمے کی آخری سماعت کو اچانک روکنا پڑا۔رینڈل مارگریوز کو جس وقت سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑا اور زمین پر لیٹا دیا تو انھوں نے پہلے تو چلاتے ہوئے ڈاکٹر لیری کو گالیاں دیں اور پھر ان سیکیورٹی عہدیداروں سے کہا کہ اگر یہ سب آپ کی بیٹیوں کے ساتھ ہوتا تو آپ کی کیا ردعمل ہوتا؟رینڈل مارگریوز کی دو بیٹیوں میڈیسن اور لارین نے ڈاکٹر کے ہاتھوں استحصال کیے جانے کی گواہی دی۔ قبل ازیں ہونے والی سماعت کے دوران امریکی ریاست میشی گن کی ایک جج نے کہا تھا کہ امریکی اولمپکس میں جمناسٹکس کی ٹیم کے سابق ڈاکٹر لیری نیسر نے جمناسٹک کی ٹریننگ کے دوران 265 لڑکیوں کا استحصال کیا ہے۔جمناسٹکس ڈاکٹر لیری نیسر کو گزشتہ ہفتے 160 خواتین کے بیانات کے بعد 40 سے 175 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT