ڈاکٹر کے شیواپرساد راؤ آندھراپردیش اسمبلی کے اسپیکر منتخب

حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اسمبلی اسپیکر کی حیثیت سے ڈاکٹر کے شیوا پرساد راؤ کا آج متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر اسمبلی کی حیثیت سے ان کے انتخاب کا اعلان عبوری اسپیکر آندھرا پردیش اسمبلی مسٹر پی نارائنا سوامی نائیڈو نے کیا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور قائد اپوزیشن آندھرا پردیس اس

حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اسمبلی اسپیکر کی حیثیت سے ڈاکٹر کے شیوا پرساد راؤ کا آج متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ اسپیکر اسمبلی کی حیثیت سے ان کے انتخاب کا اعلان عبوری اسپیکر آندھرا پردیش اسمبلی مسٹر پی نارائنا سوامی نائیڈو نے کیا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور قائد اپوزیشن آندھرا پردیس اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے نو منتخبہ اسپیکر اسمبلی مسٹر کوڈیلا شیوا پرساد راؤ کو کرسی صدارت تک پہنچایا۔ انہوں نے کرسی صدارت سنبھالتے ہوئے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے نو منتخبہ اسپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ اس جلیل القدر عہدہ پر سینئر ترین رکن اسمبلی کے انتخاب کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے مسٹر کوڈیلا شیوا پرساد راؤ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ جدوجہد کرنے والے قائد کے علاوہ انڈو امریکن کینسر ہاسپٹل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنے والے قائد کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر کے شیوا پرساد راؤ کے انتخاب پر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ جمہوریت میں اسپیکر کا عہدہ کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور جمہوریت کی بقاء میں اسپیکر کا اہم کردار ہوتا ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اسپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر سے وہ اس بات کی توقع رکھتے ہیں کہ وہ برسراقتدار جماعت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی مساوی وقت فراہم کرتے ہوئے عوامی مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر کے شیوا پرساد سینئر قائد ہونے کے ساتھ ساتھ اُمور مقننہ سے واقف قائد ہیں اسی لئے ان سے اس بات کی توقع کرنا درست ثابت ہوگا۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی اور ارکان اسمبلی ایوان کی کارروائی کو بہتر انداز میں چلانے میں تعاون کریں گے۔

ریاستی وزیر اُمور مقننہ مسٹر وائی رام کرشنوڈو نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی محسوس ہورہی ہے کہ وہ نرسا راؤ پیٹ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر کے شیوا پرساد راؤ کو بحیثیت اسپیکر آندھرا پردیش اسمبلی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین و سیاسی جماعتوں کے تعاون کے سبب اسپیکر اسمبلی کے جلیل القدر عہدہ پر بلا مقابلہ ڈاکٹر کے شیوا پرساد راؤ کے انتخاب کو یقینی بنایا جاسکا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسپیکر اسمبلی آندھرا پردیش کا تعلق نہ صرف سیاست سے ہے بلکہ وہ ایک ماہر طبیب بھی ہیں اور انہوں نے کینسر کے مریضوں کی تشخیص کیلئے قائم کئے گئے انڈو امریکن کینسر ہاسپٹل کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ایوان میں موجود تمام ارکان اسمبلی بشمول بی جے پی کے چار اور دو آزاد ارکان نے بھی نو منتخب اسپیکر اسمبلی آندھرا پردیش کو مبارکباد پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT