Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم، چیف منسٹر کے خواب کی تعبیر

ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم، چیف منسٹر کے خواب کی تعبیر

کام میں تیزی پیدا کرنے کی خواہش، ارکان اسمبلی کو وزیرامکنہ اندرا کرن ریڈی کے مکتوبات
حیدرآباد ۔ 13 مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ہاؤزنگ اے اندرا کرن ریڈی نے تمام ارکان اسمبلی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حکومت کی منفرد اسکیم ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کے خوابوں کی تعبیر کیلئے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی۔ اندراکرن ریڈی نے بتایا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات چیف منسٹر تلنگانہ کی ذہنی اختراع ہے۔ یہ ایک منفرد اسکیم ہے جس پر سارے ملک میں صرف ریاست تلنگانہ میں عمل آوری ہورہی ہے۔ کے سی آر غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرتے ہوئے سماج میں انہیں اونچا مقام فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور سارے تلنگانہ کیلئے 2.60 لاکھ ڈبل مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ چند مقامات پر تعمیری کام آخری مراحل میں ہے۔ چند مقامات پر تعمیری کاموں کا آغاز نہیں ہوا ہے لہٰذا وہ ارکان اسمبلی سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات میں شدت پیدا کرنے کیلئے اپنے اپنے متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس سے ملاقات کریں۔ اراضی کی نشاندہی سے تعمیری کاموں کے اختتام تک مکانات کے تعمیرات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نگرانی کریں۔ تعمیری کاموں میں معیاری میٹریل اور دوسرے امور پر خصوصی توجہ دیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ہر اسمبلی حلقہ کیلئے 1400 ڈبل بیڈروم مکانات مختص کئے ہیں۔ تعمیری کاموں میں عجلت پیدا کرنے اور استفادہ کنندگان کو جلداز جلد مکانات کی تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کنٹراکٹرس کو کئی مراعات دینے کے علاوہ سہولتیں بھی پیش کی جارہی ہیں۔ اندرون ایک سال تمام ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے۔ اس کا احترام کرنا مقررہ وقت سے قبل پراجکٹ کو مکمل کرنا عوامی منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔

TOPPOPULARRECENT