Saturday , April 21 2018
Home / Top Stories / ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں سماجی ذمہ داری نبھانے کی اپیل

ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں سماجی ذمہ داری نبھانے کی اپیل

بنیادی قیمت پر لوہا سپلائی کرنے کی خواہش ۔ اسٹیل کمپنیوں کے مالکین کے ساتھ وزرا کا اجلاس

حیدرآباد ۔ 5فبروری ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر اور وزیر ہاؤزنگ اندرا کرن ریڈی نے اسٹیل کمپنیوں کے مالکین کو ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات میں سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے نفع نقصان کے بجائے بنیادی قیمت پر لوہا سپلائی کرنے کی اپیل کی جس پر اسٹیل کمپنیوں کے مالکین نے تمام اسٹیل کمپنی کے مالکین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد اعلیٰ عہدیداروں سے اندرون تین یوم اپنے قطعی فیصلہ سے واقف کرانے کا تیقن دیا ۔ ریاستی وزراء کے ٹی آر اور این اندرا کرن ریڈی ہاؤزنگ کارپوریشن کے صدرنشین ایم بھوم ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں اسٹیل کمپنیوں کے مالکین کا اجلاس طلب کیا ۔ وزراء نے انہیں بتایا کہ ڈبل بیڈروم مکانات حکومت کی باوقار اسکیم ہے ۔ مکانات کی تعمیر ایک سماجی ذمہ داری ہے ۔ اس معاملہ میں لوہے کی کمپنیاں ذمہ دارانہ رول ادا کریں ۔ تلنگانہ حکومت ملک میں ایک نئی اسکیم متعارف کراتے ہوئے غریب عوام کو عزت و نفس کی زندگی گذارنے کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کررہی ہے ۔ ملک بھر میں ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست ہے ۔ سمنٹ کمپنیوں نے اپنی سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسکیم کیلئے مارکٹ قدر سے ہٹ کر فی تھیلا 230 روپئے سمنٹ فراہم کررہی ہے ۔ لوہے کی کمپنیاں بھی اس اسکیم کیلئے کم قیمت پر حکومت کو لوہا فروخت کریں ۔ حکومت تلنگانہ میں 2.60لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کررہی ہے ۔ دیہی علاقوں میں ایک لاکھ مکانات کیلئے 1.45لاکھ میٹرک ٹن شہری علاقوں میں 60ہزار مکانات کیلئے 1.04 میٹرک ٹن ۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کیلئے 2.78لاکھ میٹرک ٹن جملہ 5.27 لاکھ میٹرک ٹن لوہے کی ضرورت ہے ۔ حکومت ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرمیں مکمل شفافیت سے کام کررہی ہے ۔ اس اسکیم کو لوہا سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو بغیر کسی تاخیر کے آن لائن بلز ادا کئے جائیں گے ۔ وزرانے اسٹیل کمپنیوں کے مالکین سے اپیل کی وہ اس سماجی ذمہ داری میںنفع نقصان کو نہ دیکھیں بلکہ بنیادی قیمت مقرر کرکے لوہا فروخت کریں ۔ اجلاس میں موجود اسٹیل کمپنیوں کے مالکین نے تمام کمپنیوں کے مالکین سے تبادلہ خیال کرکے فیصلہ کرنے کا وزراء کو تیقن دیا ۔ وزراء نے اسٹیل کمپنیوں کے مالکین کو عہدیداروں سے اور ایک اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا ۔ وزرانے محکمہ ہاؤزنگ کی اسپیشل چیف سکریٹری چندر رامچندرن کو دو تین دن میں اسٹیل کمپنیوں کے مالکین سے ایک اور اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی ۔

TOPPOPULARRECENT