Thursday , December 14 2017
Home / جرائم و حادثات / ڈرگس ریاکٹ ، تلگو فلم صنعت کے 10 افراد کو نوٹس

ڈرگس ریاکٹ ، تلگو فلم صنعت کے 10 افراد کو نوٹس

ناسا کا سابق انجینئربھی ڈرگس رکھنے کے الزام میں گرفتار
حیدرآباد ۔ /12 جولائی (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم جو ڈرگس ریاکٹ کی تحقیقات کررہی ہے نے آج تلگو فلم صنعت سے وابستہ 10 افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون ایک ہفتہ تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو حاضر ہونے کی اجازت دی ہے جبکہ تازہ ترین کارروائی میں ناسا میں کام کرچکے ایک ایرواسپیس انجنیئر کو بھی ایس آئی ٹی نے ڈرگس رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ اس انجنیئر کی گرفتاری سے ڈرگس ریاکٹ میں گرفتار افراد کی تعداد 14 کو پہونچ گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 29 سالہ ڈی انیش ساکن پدما راؤ نگر جو امریکی شہری ہے کے قبضہ سے ایس آئی ٹی نے ایل ایس ڈی ڈرگس کے 16 یونٹ برآمد کئے ہیں اور اسے گرفتار کرتے ہوئے آج عدالت میں پیش کردیا گیا ۔ گرفتاری کے بعد ایس آئی ٹی نے 26 سالہ ریتو اگروال ساکن سوماجی گوڑہ کو بھی گرفتار کرلیا ہے جو ممنوعہ منشیات آن لائن خرید رہے تھے ۔ حالیہ دنوں محکمہ آبکاری کے انفورسمنٹ ٹیم کی جانب سے ایک ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا تھا جس میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نوجوان ملازمین کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی تفتیش کے دوران شہر کے بڑے تعلیمی اداروں اور تلگو فلم صنعت سے وابستہ مشہور ہستیوں کے ناموں کا انکشاف ہوا تھا ۔ اس سلسلے میں انفورسمنٹ کمشنر ڈاکٹر اکون سبھروال نے ڈرگ ریاکٹ کو مزید بے نقاب کرنے کیلئے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم قائم کی تھی ۔ ایس آئی ٹی نے آج تلگو فلم صنعت سے وابستہ 10 افراد بشمول اداکاراؤں ، پروڈیوسر اور ڈائرکٹرس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں فی الفور تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ ڈرگ ریاکٹ میں ملوث ملزمین کے انکشافات کے بعد محکمہ آبکاری کے انفورسمنٹ شعبہ سرگرم ہوگیا تھا اور آئی ٹی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران سے اجلاس منعقد کرتے ہوئے موجودہ حالات سے واقف کروایا تھا جس میں ہائی فائی ڈرگس ، ایل ایس ڈی اور کوکین کے استعمال پر بھی روشنی ڈالی تھی ۔ تازہ ترین کارروائی میں فلم صنعت سے وابستہ افراد کو نوٹس جاری کئے جانے پر سنسنی پھیل گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT