Tuesday , January 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / ڈنگا برازیلی فٹبال ٹیم کے نئے کوچ

ڈنگا برازیلی فٹبال ٹیم کے نئے کوچ

ریوڈی جنیرو۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )برازیل فٹبال کنفیڈریشن نے ریو ڈی جنیرو میں ایک پریس کانفرنس میں ڈنگا کی بطور کوچ تعیناتی کی تصدیق کی تاہم انھیں دی جانے والی تنخواہ کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہیں۔برازیل فٹبال کنفیڈریشن (سی بی ایف) نے سابق کپتان ڈنگا کو فلپ اسکولاری کی جگہ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کردیا ہے۔ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں برازیل کو عالمی چیمپیئن جرمنی کے خلاف 1-7 کی شرم ناک شکست اور ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے بعد برازیلین فٹبال حکام نے فلپ اسکولاری کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق 50 سالہ ڈنگا 1994 میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیلی ٹیم کے کپتان تھے اور انھیں دوسری مرتبہ ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔ریو ڈی جنیرو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈنگا نے کہا کہ میں بہت زیادہ خوش ہوں، میرے پاس برازیل کی ٹیم کے لئے ابتدائی خاکہ ہے اور میں یہاں کوئی خواب دکھانے نہیں آیا، ہمیں ہر حال میں سخت محنت کرنی ہو گی۔

برازیل کے فٹبال شائقین اس وقت بہت زیادہ مایوس ہیں تاہم وہ ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔خیال رہے کہ ڈنگا کو 2006 کے ورلڈ کپ کے بعد برازیل کوچ مقرر کیا گیا تھا اور چار سال قبل کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے بعد انھیں ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔ سی بی ایف کے صدر جوز ماریا میرن نے اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ڈنگا 2018 میں روس میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ تک ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے کام کریں۔ماریا کے بموجب ڈنگا کے پاس برازیل کی ٹیم کو بلندیوں تک پہنچانے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ ان کے پاس ایسا کر دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ڈنگا کو 2006 میں پہلی بار برازیل کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ اس عرصے کے دوران برازیلی ٹیم نے 60 میچ کھیلے جن میں سے 42 جیتے، 12 برابر رہے جبکہ چھ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

TOPPOPULARRECENT