Saturday , February 24 2018
Home / دنیا / ڈونالڈ ٹرمپ ڈرپوک قائد: شمالی کوریا

ڈونالڈ ٹرمپ ڈرپوک قائد: شمالی کوریا

سیول۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو شمالی کوریائی قائد کم جونگ ان کی توہین کرنے پر خوب لعنت ملامت کی اور کہا کہ انہیں (ٹرمپ) سزائے موت دی جانی چاہئے۔ یہی نہیں بلکہ اخبارات نے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کی سرحد پر غیر فوجی علاقہ کا دورہ نہ کرنے پر ٹرمپ کو بزدل بھی کہا۔ حکمراں جماعت کے اخبار روڈونگ سنمن نے اپنے اداریئے میں گزشتہ ہفتہ ٹرمپ کے جنوبی کوریا کی دورہ کی شدید مذمت کی جہاں ٹرمپ نے اپنی ایک تقریر کے دوران شمالی کوریا کی حکومت کو ڈکٹیٹرشپ سے تعبیر کیا تھا۔ یاد رہے کہ ٹرمپ گزشتہ دنوں ایشیاء کے پانچ ممالک کے دورہ پر تھے جہاں وہ شمالی کوریا کے نیوکلیر بالسٹک میزائل تجربہ کے خلاف علاقائی محالفت پیدا کرنا چاہتے تھے۔ اپنے اس مقصد میں موصوف کتنے کامیاب ہوئے ہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ جب سے ٹرمپ برسر اقتدار آئے ہیں شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کے ساتھ ان کی لفظی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ ایشیاء کے دورہ کے اختتام پر تو ٹرمپ نے حد کردی اور کم جونگ کی جسامت اور قد کو بھی نشانہ بناتے ہوئے یہ کہا کہ انہوں نے (کم جونگ) مجھے (ٹرمپ) بوڑھا کہا لیکن میں انہیں کبھی چھوٹو اور موٹو نہیں کہوں گا۔ اس طرح درپردہ ٹرمپ نے یہ ریمارک نہ کرتے ہوئے بھی کردیا۔
یونان میں سیلاب، پانچ افراد فوت
ایتھنس ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یونانی دارالحکومت کے مغربی مضافات میں اچانک سیلاب کے نتیجہ میں اکثر سڑکیں کیچڑ اور کچرے کے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ سیلاب کے نتیجہ میں کم سے کم پانچ افراد فوت ہوگئے۔ کئی مکانات، تجارتی اداروں اور دفاتر میں پانی جمع ہوگیا۔ علاقہ ماندرا میں پیش آئے مختلف واقعات میں تین مرد اور دو خواتین فوت ہوئے ہیں۔ سیلاب زدہ گھروں سے ایک مرد اور ایک عورت کی نعش برآمد ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT