ڈووال اور وانگ یی کے درمیان سر حدی معاملہ پر مذاکرات

بیجنگ۔ 24 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال ہفتہ کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ سرحد سے منسلک معاملت پر 21 ویں مرحلہ کی میٹنگ میں شامل ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرحدی معاملات سے متعلق سوالوں کو لے کر ہندوستان اور چین کے خصوصی نمائندوں کے درمیان 21 ویں مرحلہ کی بات چیت آج صبح دوزیان گیان شہر میں شروع ہوئی۔اجیت ڈووال اور چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ یی اس میٹنگ میں شامل ہوئے ۔ ہند۔چین سرحد سے متعلق ایشوز پر بات چیت کے لئے ڈووال اور وانگ یی خصوصی نمائندے کے طور پر مقرر کئے گئے ہیں۔مذاکرات کے دوران دوسری چیزوں کے علاوہ اپریل میں ووہان سربراہی اجلاس کے بعد سرحد پر امن قائم رکھنے اور دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سال اپریل میں ووہان میں چین کے صدر شی جپنگ کے ساتھ پہلی بار رسمی میٹنگ کی تھی۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زینگ شوانگ نے اس ہفتہ کے آغاز میں دو طرفہ تعلقات کو لے کر حوصلہ افزائی کرنے والی ایک تصویر جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہم نے مسلسل بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اپنے اختلافات کو بھلا دیا ہے۔ پورے سرحدی علاقے میں استحکام برقرار ہے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ دونوں ممالک نے ’بالغ سفارتکاری‘ کا ثبوت دیا ہے اور دونوں ملک آپس کے مختلف مسائل کو حل کرنے کے قابل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT