Wednesday , October 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / ڈوپلیسی کی آئی سی سی پر شدید تنقید

ڈوپلیسی کی آئی سی سی پر شدید تنقید

جوہانسبرگ۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کے بعد جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے قائد فاف ڈوپلیسی نے کاگیسو ربادا پر پابندی کے فیصلے پر آئی سی سی پر شدید تنقید کی ہے، سابق انگلش اسٹار کیون پیٹرسن بھی ان کی سزا پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ ڈوپلیسی نے اپنے فاسٹ بولر ربادا کی معطلی کے آئی سی سی کے ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ نظام کرکٹ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچارہا۔ منتظمین بعض معاملات میں بہت زیادہ حساسیت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ربادا نے میچ میں بیٹسمین کو آئوٹ کرنے کیلئے 15 اوورز سخت محنت کی، جب اسے پھل ملا تو اس نے جذبات کا اظہار کیا تھا۔ ایسا نہ ہوتو بولروں کی جگہ ایک روبوٹ یا بولنگ مشین لگادیں۔ ہم آسٹریلیا کیخلاف ٹسٹ میچ کھیل رہے ہیں وہ ٹیم اپنے برانڈ کرکٹ کھیلتی ہے، ہمیں ان سے بطور ٹیم کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ مسابقت کرکٹ کیلئے بہت اچھی ہے۔ اس بات کی گنجائش نکالی جائے کہ مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ میچ عہدیدار الگ الگ انداز سے نمٹیں۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے 22 سالہ ربادا کی معطلی کو چیلنج کیا ہے۔ دوسری جانب کیون پیٹرسن نے ربادا کی سزا کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شکر ادا کیا ہے کہ وہ اب ٹسٹ کرکٹ نہیں کھیلتے۔ ارے بھائی یہ ٹسٹ کرکٹ ہے، یہ مردوں کو لڑکوں سے ممتاز کرتی ہے، انہوں نے ٹسٹ کرکٹ کو مذاق بنادیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT