Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / ڈوپلیسی کی اپیل پر آئی سی سی کو ناراضگی

ڈوپلیسی کی اپیل پر آئی سی سی کو ناراضگی

اڈیلیڈ، 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے مرتکب پائے گئے جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے دوران ڈوپلیسی کو گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا مرتکب پایا گیا تھا اور ہوبارٹ میچ کی اُن کی فیس پر 100فیصد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ ڈوپلیسی کو اس کے بعد تیسرے اڈیلیڈ ٹسٹ میں کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ اڈیلیڈ اوول میں جاری میچ کے پہلے دن کپتان نے ناقابل شکست 118رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی۔ ڈوپلیسی پر جرمانے کے بعد اس معاملے کو ختم تصور کیا جا رہا تھا لیکن کرکٹ ساؤتھ افریکا نے ایک بیان میں بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔ حالانکہ اس سے آئی سی سی کافی ناراضگی ہوئی ہے ۔ عالمی ادارے نے اس بابت اپنا بیان جاری کرکے کہا : ’’آئی سی سی اس بات سے ناراض ہے کہ ڈوپلیسی نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے فیصلے کو قبول نہیں کیا اور اس کے خلاف اپیل کر دی ہے ۔‘‘ آئی سی سی نے کہا: ’’ایک عدالتی کمشنر کو اب مقرر کیا جائے گا جو اس معاملے میں جلد ازجلد سماعت کرے گا۔‘‘ اے بی ڈی ولیرز کی جگہ جنوبی افریقہ کی عارضی طور پر ٹسٹ کپتانی کر رہے 32 سالہ ڈوپلیسی کو ٹی وی فوٹیج میں کچھ کھاتے ہوئے اور پھر اس سے نکلنے والے مادہ کو گیند پر لگاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ عالمی ادارے نے اس کے بعد کہا تھا کہ وہ کھلاڑیوں کو ’سن اسکرین‘ یا ’لپ کیئر کریم‘ وغیرہ کا استعمال کرنے سے نہیں روکتا ہے لیکن کوئی بھی مادہ گیند پر لگانا قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ تاہم عبوری جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی نے ان الزامات کومسترد کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT