Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈگ وجئے سنگھ کا دورہ حیدرآباد و ورنگل، کانگریس پارٹی قائدین اور مسلم نمائندوں سے مشاورتی پروگرام کو قطعیت

ڈگ وجئے سنگھ کا دورہ حیدرآباد و ورنگل، کانگریس پارٹی قائدین اور مسلم نمائندوں سے مشاورتی پروگرام کو قطعیت

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انچارج جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ دو روزہ دورے پر حیدرآباد کے دوران 31 اگست کو حیدرآباد اور یکم ستمبر کو ورنگل میں مسلم نمائندہ شخصیتوں اور پارٹی قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے سیاسی اور تجارتی اغراض کے لیے ٹی آر ایس سے سودا کرنے کا مجلس پر الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 31 اگست کو جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ دوپہر میں 12 بجے گاندھی بھون کے پرکاشم ہال میں منعقدہ تقریب میں سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی مسٹر جگا ریڈی کو دوبارہ کانگریس پارٹی میں شامل کریں گے ۔ ڈھائی تا 4 بجے تک کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیں گے ۔ 4 تا 6 بجے تک بنجارہ فنکشن ہال میں حیدرآباد کے مسلمانوں کے راونڈ ٹیبل اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ یکم ستمبر کو 11 بجے دن ورنگل میں کسانوں کے مسائل اور مرکزی و ریاستی حکومت کے تساہل کے خلاف کسانوں اور ان کے نمائندہ سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ دوپہر میں ورنگل کے مسلمانوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ 4 بجے عیسائی طبقہ کے فادر اور نمائندوں سے چائے پر ملاقات کریں گے اور شام میں حیدرآباد پہونچ کر دہلی کے لیے روانہ ہوجائیں گے ۔ حیدرآباد اور ورنگل میں مسلمانوں کے اجلاس سے متعلق ایجنڈے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست میں ٹی آر ایس اور مرکز میں بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت تشکیل پانے کے بعد اقلیتوں پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ ان کے مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا مگر اس کو پورا نہیں کیا ۔ مجلس مسلمانوں کی آواز بن کر حکومت پر دباؤ بنانے کے بجائے اپنے سیاسی اور تجارتی اغراض کے لیے تلنگانہ حکومت سے سمجھوتہ کررہی ہے ۔ کانگریس پارٹی مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے حکومت پر دباؤ بنائے گی ۔ سماج کے تمام طبقات این ڈی اے اور ٹی آر ایس حکومت کی مخالف عوام دشمن پالیسیوں اور وعدوں کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے بدظن ہوگئی ہیں ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ تشکیل دینے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کمیٹی کے ناموں کو وہ قطعیت دے چکے ہیں ۔ راہول گاندھی کے دورے تلنگانہ کے پیش نظر وہ اس کو روکے رکھے تھے ۔ راہول گاندھی کے پروگرام میں تبدیلی ہے ۔ وہ اگست کے اواخر تک تیار کردہ کمیٹی کے ناموں کی سفارش کانگریس ہائی کمان تک پہونچا دیں گے ۔ کمیٹی میں سماج کے تمام طبقات کو مساوی حقوق دیتے ہوئے متوازن کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT