Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ڈیجیٹل ادائیگی کو بہتر بنانے خدمات کو مفت کرنے کی ضرورت

ڈیجیٹل ادائیگی کو بہتر بنانے خدمات کو مفت کرنے کی ضرورت

حکومت ہند کے ڈیجیٹل ادائیگی طریقہ کار میں رکاوٹ، صارفین کا اجتناب
حیدرآباد۔10ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک میں تیزی سے فروغ حاصل کر رہے ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کو مفت کیا جائے اور اس پر کسی قسم کے چارجس وصول نہ کئے جائیں تاکہ صارفین اور تاجرین دونوں کو راحت حاصل ہو اور دونوں ہی ڈیجیٹل اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی پر رضامندی ظاہر کریں۔ حکومت ہند نے ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان کو فروغ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ریاستوں اور شہریوں کو اس سمت راغب کروایا ہے لیکن ایک برس کے دوران اس میں کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہ ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیشتر صارفین کارڈ کے ذریعہ ادائیگی سے اس لئے اجتناب کر رہے ہیں کیونکہ کارڈ کے ذریعہ کی جانے والی ادائیگی پر بینک کی جانب سے چارجس وصول کئے جا رہے ہیں اور تاجرین بھی اس لئے کارڈ کے ذریعہ ادائیگی قبول کرنے سے معذرت کر رہے ہیں کیونکہ انہیں بھی کارڈ کے ذریعہ وصولی کی صورت میں بینک کو چارجس ادا کرنے پڑ رہے ہیں جو کہ ان کیلئے نقصان کا باعث ہے۔کانفڈریشن آف آن انڈیا ٹریڈرس کے عہدیداروں نے بتایا کہ ملک کے بیشتر بڑے شہرو ںمیں ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن اس میں بتدریج گراوٹ کی بنیادی وجہ ڈیجیٹل اور کارڈ کے ذریعہ ادائیگی پر وصول کئے جانے والے اضافی چارجس ہیں جن کی ادائیگی تاجرین اور صارفین دونوں پر اضافی بوجھ کے مترادف ہے۔ اسی لئے اگر حکومت کی جانب سے بینکوں سے بات چیت کے ذریعہ اس بات کو یقینی بنایا جاتاہے کہ ملک میں ڈیجیٹل اور کارڈ کے ذریعہ کی جانے والی ادائیگیوں پر کوئی اضافی چارجس وصول نہیں کئے جائیں گے تو کارڈ اور ڈیجیٹل ادائیگی کے رجحان میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ تجارتی برادری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے ادائیگی میں فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سہولتوں کے ساتھ مفت خدمات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاتا ہے تو چھوٹے تاجرین بھی اس سہولت سے استفادہ سے گریز نہیں کریں گے بلکہ انہیں بھی سہولت حاصل ہوگی لیکن خدمات کے مفت نہ ہونے کے سبب چھوٹے تاجرین اور صارفین دونوں کو ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اسی لئے اب بھی ملک میں نقد کی ادائیگی کے ذریعہ ہی خرید و فروخت کے رجحان میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور اس کا خاتمہ فی الفور ممکن نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT