Tuesday , November 21 2017
Home / سیاسیات / ڈی این اے ریمارکس پر وزیر اعظم مودی سے مراسلت

ڈی این اے ریمارکس پر وزیر اعظم مودی سے مراسلت

میں نے این ڈی اے یا بی جے پی قائدین سے جواب طلب نہیں کیا ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا بیان

پٹنہ۔6اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج پھر ایک بار ان کے خلاف وزیراعظم اعظم نریندر مودی کے ڈی این اے ریمارک کے مسئلہ کو اٹھایا اور وزیراعظم کی مدافعت میں بیان بازی کرنے پر این ڈی اے لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر ستیندر نارائن سنگھ کے مجسمہ کی تقریب سنگ بنیاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے صرف یہ درخواست کی تھی کہ ڈی این اے کا ریمارک واپس لیں کیونکہ وزیراعظم کے جلیل القدر عہدہ پر مامور کسی شخص کو اس طرح کا ریمارک کرنا زیب نہیں دیتا ۔ اگر وہ ( مودی) وزارت عظمی پر فائز نہیں ہوتے تو میں ان کے ریمارکس کو نظرانداز کردیتا چونکہ میرے خلاف ڈی این اے ریمارک سے بہاری عوام کے جذبات مجروح ہوتے ہیں ‘ لہذا میں نے یہ سوچا کہ متنازعہ ریمارک سے دستبرداری کیلئے نریندر مودی سے گذارش کی جائے ۔

وزیراعظم کی طرفداری میں بیان بازی کرنے پر این ڈی اے لیڈروں پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ میں بی جے پی یا این ڈی اے لیڈروں سے نہیں بلکہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے ۔ نتیش کمار نے بتایا کہ وہ ایک مجاہد آزادی کے فرزند ہیں جنہوں نے اچھے اخلاق سکھائے ہیں اور صبر و تحمل کے ساتھ مذہبی رواداری اور انصاف کیلئے جدوجہد کی تعلیم دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے بچپن میں دیکھا کہ میرے والد کسی بھی مہمان کو کھلائے بغیر جانے نہیں دیتے اور میں اس طرح کی تہذیب اور اقدار میں پرورش پائی ہے ۔ چیف منسٹر نے بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی اور دیگر کے خلاف بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں جب تک ان کے ( بی جے پی ) ساتھ ’’ نورنظر‘‘ تھا اور ترک تعلقات کرلیا تو اب برائیاں نظر آرہی ہیں ۔ نتیش کمار نے بتایا کہ ان کی انتخابی مہم کا اصل موضوع ’’ بہار کی عظمت اور افتخار ہوگا‘‘ چونکہ  میں نے تحریک آزادی کے اقدار کا پاسدار ہوں  اور یہ میرے ڈی این اے میں شامل ہے اور یہی بہاری عوام کا ڈی این اے ہے ۔ واضح رہے کہ جنتادل متحدہ لیڈر نتیش کمار نے کل وزیراعظم نریندر مودی کو ایک احتجاجی مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈی این اے ریمارک سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ وزیراعظم نے بہار کے مظفر پور میں 25جولائی کو ایک ریالی سے مخاطب کرتے ہوئے نتیش کمار کے ڈی این اے پر سوالیہ نشان لگایا ۔ یہ ریمار کسی کی نسل اور خاندان کی تحقیر کے مترادف ہے ۔

TOPPOPULARRECENT