Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / ڈی جی ونزارا کی گجرات آمد ‘ عوامی زندگی میں داخلہ کا اعلان

ڈی جی ونزارا کی گجرات آمد ‘ عوامی زندگی میں داخلہ کا اعلان

سیاست دانوں پر ان کے اور دوسرے پولیس عہدیداروں کے خلاف سازش کرنے کا الزام
گاندھی نگر 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) موظف آئی پی ایس ڈی جی ونزارا آج تقریبا نو سال بعد ریاست کو واپس ہوئے اور انہوں نے اعلان کیا کہ وہ عوامی زندگی میں داخل ہونگے ۔ ونزارا کو عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر کیس میں ضمانت مل گئی ہے ۔ ونزارا عشرت جہاں ‘ سہراب الدین شیخ اور تلسی پرجاپتی فرضی انکاونٹرس مقدمات کے کلیدی ملزم ہیں اور ان کے افراد خاندان اور بہی خواہوں کا یہاں ان کا استقبال کیا ۔ سی بی آئی کی ایک عدالت نے ان کی ضمانت کی شرائط میں نرمی پیدا کرتے ہوئے انہیں گجرات میں داخلہ اور قیام کی اجازت دی تھی ۔ یہاں ٹاـؤن ہال میں ایک خیر مقدمی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ونزارا نے کہا کہ یہ ان کی عوامی زندگی کا آعاز ہے اور وہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ہیں لیکن تھکے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی اننگز ختم ہوگئی ہے لیکن دوسری اور سب سے اہم اننگز ابھی شروع ہو رہی ہے ۔ اب تک وہ فیلڈنگ کر رہے تھے لیکن اب بیٹ ان کے ہاتھ میں ہے ۔ وہ ان افراد کے خلاف جدوجہد کرینگے جنہوں نے ان کے خلاف اور دوسرے معصوم عہدیداروں کے خلاف سازش کی تھی ۔ وہ اب انہیں بے نقاب کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک عہدیدار کی حیثیت سے وہ ہمیشہ ضرورت مند افراد کے درمیان رہتے تھے تاکہ انکے مسائل کو سمجھیں اور انہیں حل کریں ۔ انہوں نے کبھی ائر کنڈیشن کیبن میں بیٹھنے کو ترجیح نہںے دی تھی ۔

ایک بار پھر وہ اس طرح کے افراد کے ساتھ رہیں گے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ وہ یہاں اعلان کرتے ہیں کہ وہ آج سے عوامی زندگی میں داخل ہو رہے ہیں۔ ونزارا آٹھ سال جیل میں رہنے کے بعد 2015 میں سابرمتی جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے تھے اور ان پر یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ وہ گجرات میں داخل نہیں ہونگے ۔ اس کے بعد سے وہ ممبئی میں مقیم تھے ۔ وہ 2014 میں جیل میں رہتے ہوئے ہی سبکدوش ہوگئے تھے ۔ ونزارا نے کہا کہ ہندوستان میں جو حالات ہیں وہ ان سے خوش نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاستداں ہی اصل قوم مخالف ہیں اور انہوں نے ہی ان کے اور دوسرے بے گناہ عہدیداروں کے خلاف سازش کی تھی ۔ ونزارا کو 24 اپریل 2007 کو سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT