Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈی سریدھر بابو کے خلاف گانجہ کا مقدمہ ، سیاسی انتقام،حکومت کی سازش سے کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی : اتم کمار ریڈی

ڈی سریدھر بابو کے خلاف گانجہ کا مقدمہ ، سیاسی انتقام،حکومت کی سازش سے کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی : اتم کمار ریڈی

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے سابق وزیر ڈی سریدھر بابو کے خلاف گانجہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف سیاسی انتقام لینے کا الزام عائد کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی اس سازش سے کانگریس پارٹی خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے بلکہ عوامی مسائل کو مزید شدت سے ایوانوں اور سڑکوں پر اٹھاتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرتے رہے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اس وقت ساری کانگریس پارٹی کی حمایت ڈی سریدھر بابو کو حاصل ہے ۔ سریدھر بابو کے خاندان کی خدمات سے تلنگانہ کی عوام اچھی طرح واقف ہے ۔ ان کے خلاف گانجہ کا مقدمہ درج کرنے کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے قائدین کمیشن کی عادی ہو کر اقتدار چلا رہے ہیں جس کے پیش نظر کالیشورم پراجکٹ کے ری ڈیزائن کے نام پر کروڑہا روپیوں کا غبن کرلیا گیا ہے ۔ ان بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خلاف سریدھر بابو عوامی تحریک چلا رہے ہیں ۔ ان کے حوصلے پست کرنے کے لیے حکومت نے منظم سازش کے تحت ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے ۔ عوامی تحریکات کے ذریعہ اقتدار کے زینے تک پہونچنے والی ٹی آر ایس آج عوامی تحریکات سے پریشان ہے ۔ تحریکات کو آہنی پنجے سے کچلنے کی سازش کے طور پر ڈی سریدھر بابو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کبھی کانگریس قائدین کبھی تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کبھی کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین تو کبھی رضاکارانہ ، مزدور اور طلبہ تنظیموں اس طرح ہر دن کسی نہ کسی کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے حکومت جمہوریت کا خون کررہی ہے ۔ حق کی آواز اٹھانے والوں کا گلا گھونٹنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حکومت کی دھمکیوں سے اصل اپوزیشن کانگریس ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کے خلاف جدوجہد کرنے کے راستے سے دستبردار ہونے والی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT