Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ڈی ویلیئرز ونڈے ٹیم کی قیادت سے مستعفی‘ٹسٹ میں واپسی

ڈی ویلیئرز ونڈے ٹیم کی قیادت سے مستعفی‘ٹسٹ میں واپسی

جوہانسبرگ۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز ون ڈے ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے رواں برس اکتوبر سے ٹسٹ کرکٹ سمیت تینوں کرکٹ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کر دی۔ہاشم آملہ کی جانب سے ٹسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بعد ڈی ویلیئرز کو یہ ذمے داری سونپی گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف جنوری 2016 میں انہوں نے ٹیم کی قیادت کی۔اس کے بعد ڈی ویلیئرز کو مستقل ٹسٹ کپتان بنا دیا گیا لیکن کہنی کی تکلیف کے سبب وہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز نہ کھیل سکے اور اس کے بعد سے ٹسٹ کرکٹ کیلئے عدم دستیابی ظاہر کی۔چھ برس تک ونڈے ٹیم کی قیادت کا اعزاز رکھنے والے 33 سالہ ڈی ویلیئرز نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کوشش کی کہ ٹیم کی مثالی قیادت کرتے ہوئے اسے فتوحات دلاؤں لیکن اب میں سمجھتا ہوں کہ کوئی اور یہ ذمہ داری سنبھالے، میں بطور کھلاڑی کھیل جاری رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ ٹسٹ کرکٹ سے وقفہ میرے لیے اچھا رہا لیکن اب میں دوبارہ پانچ روزہ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہوں، اکتوبر کے وسط سے میں تینوں طرز کی کرکٹ کیلئے ٹیم کو دستیاب رہوں گا۔

اس موقع پر انہوں نے فاف ڈیو پلیسی کو کپتان بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیو پلیسی ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ ٹیم کی بہترین انداز میں قیادت کر رہے ہیں اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے ونڈے ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دیا ہے۔ڈی ویلیئرز بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ باکسنگ ڈے ٹسٹ سے کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ میں واپسی کریں گے۔واضح رہے کہ ڈی ویلیئرز کو ونڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری اور سنچری بنانے کا عالمی اعزاز حاصل ہے۔ڈی ویلیئرز کے اس فیصلے کے بعد کرکٹ جنوبی افریقہ نے ڈوپلیسی کو ونڈے کی قیادت سونپ دی ہے۔ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میرے بارے میں گزشتہ 12 ماہ میں بہت کچھ کہا اور لکھا گیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب مجھے اپنا موقف بالکل واضح کرنے کا وقت ہے۔ دراصل اس دورانیہ میں میں نے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تھکا ہوا محسوس کیا۔ اس دوران میں خود کو دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ کیلئے تیار کیا۔ڈی ویلیئرس کے اس فیصلہ کا ٹسٹ کرکٹ شائقین کی جانب سے خیر مقدم کیا جارہا ہے۔

راؤنک بھی یو ایس اوپن سے دستبردار
نیویارک۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) سال کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے آغاز کے دن جیسے جیسے نزدیک آ رہے ہیں اس سے دستبردارہونے والے اسٹار کھلاڑیوں کی فہرست بھی طویل ہوتی جا رہی ہے جس میں دنیا کے11 ویں نمبر کے کھلاڑی کینیڈا کے میلوس راؤنک کا نام بھی شامل ہوگیا ہے ۔ راؤنک کے کلائی میں تکلیف ہے اور انہوں نے نیو یارک میں 28 اگست تا 10 ستمبر تک یوایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ‘ تاہم، راؤنک نے اگلے سال ٹورنمنٹ میں واپسی کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ ان سے پہلے سربیائی کھلاڑی نوواک جوکووچ، سوئٹزرلینڈ کے سٹینسلاس واورنکا اور جاپان کے کائی نشکوری بھی زخموںکی وجہ سے ٹورنمنٹ سے باہرہوچکے ہیں۔خواتین میں سابق نمبر ایک اور مقامی کھلاڑی سیرینا ولیمس حاملہ ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل رہی ہیں تو وکٹوریا ازارنکا نے بھی اپنے بچوں کی کفالت مقدمہ کی وجہ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT