Monday , July 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / ڈے نائیٹ ٹسٹ سے انکار مایوس کن فیصلہ:چیپل

ڈے نائیٹ ٹسٹ سے انکار مایوس کن فیصلہ:چیپل

میلبورن۔14مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایان چیپل نے رواں سال کے اواخر میں میزبان ٹیم کیخلاف ہندوستان کے ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے کی پیشکش مسترد کرنے پر سخت مایوسی کا اظہارکردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی کھیل کے طویل فارمیٹ کو بچانے کے بجائے میچوں میں کامیابی میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کرکٹ کی انٹر نیشنل ویب سائٹ کیلئے تازہ مضمون میں کہا کہ آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹسٹ سے انکار ہندوستانی بورڈ کا انتہائی مایوس کن فیصلہ ہے اور برقی قمقموں میں پانچ روزہ میچوں کے کامیابی سے تین سال پورے ہونے پر توقع تھی کہ مضبوط ہندوستانی ٹیم کی موجودگی سے اس نظریہ کو مزید تقویت ملتی۔ ڈے نائٹ ٹسٹ میں شرکت سے معذرت سے افسوس ہوا تاہم ہندوستانی بورڈ چاہتا ہے کہ آسٹریلیائی سرزمین پر نسبتاً کمزور حریف کیخلاف پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز میں ویراٹ کوہلی ٹیم کی فتوحات کے موقع کو ممکنہ حد تک بڑھایا جائے۔ ٹوئنٹی20 فارمیٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر ایان چیپل نے کہا کہ تمام ممالک کو ٹسٹ کرکٹ کی بقاء کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ٹوئنٹی20 زیادہ کھیلا جارہا ہے جس کے پیش نظر طویل فارمیٹ پر توجہ دینا ہوگا تاکہ اس کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ ڈے نائٹ ٹسٹ سے کھیل کو زیادہ مسابقتی اور دلچسپی کا محور بنایا جا سکتا ہے اور یہ مقابلے بولروں کے لئے بھی بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT