Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / ڈ گ وجئے پیدائشی سازشی ‘کانگریسی پیچھے سے وار کرنے کے عادی

ڈ گ وجئے پیدائشی سازشی ‘کانگریسی پیچھے سے وار کرنے کے عادی

کانگریس کو بے نقاب کرنے کا عہد ‘ویاپم اسکام پر سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے چیف منسٹر مدھیہ پردیش کا خطاب

علی راجپور 24  جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ویاپم اسکام پر سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان نے کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کو ’ پیدائشی سازشی ‘ قرار دیا اور کانگریسیوں پر ہمیشہ پیچھے سے وار کرنے کا الزام عائد کیا۔ ویاپم اسکام کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کئے جانے کے بعد  پہلی مرتبہ  چوہان نے بھابرا میں انقلابی لیڈر چندر شیکھر آزاد کے پیدائشی مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈگ وجئے پیدائشی سازش ہیں اور کانگریسی قائدین ہمیشہ پیچھے سے حملہ کرنے کے عادی رہے ہیں‘‘۔ شیو راج سنگھ چوہان نے سابق شاہی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ڈگ وجئے سنگھ اور دوسروں کا بالواسطہ طور پر حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ (سابق شاہی خاندانوں کے ارکان) ایک کسان کے بیٹے کو چیف منسٹر مدھیہ پردیش کے عہدہ پر دیکھنا برداشت نہیں پارہے ہیں چنانچہ بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں‘‘۔ شیو راج سنگھ نے گذشتہ شام منعقدہ اس جلسہ میں توقع سے زیادہ عوام کی تعداد سے حوصلہ پاکر پر جوش انداز میں سوال کیا کہ ’’کانگریس میرے استعفی کیلئے اصرار کررہی ہے کیا میں مستعفی ہوجاو .. کیا آپ کو مجھ پر بھروسہ ہے ؟ ‘‘۔ تاہم جلسہ میں شامل عوام نے نفی میں جواب دیا اور چوہان نے پر جوش انداز میں کہا کہ ’’اب میں عوام کی مدد سے کانگریس کو بے نقاب کروں گا۔

انہوں نے ویاپم کے ذریعہ امتحان اور داخلوں کا طریقہ کار رائج کرنے کو منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکمرانی کے دوران بھرتیوں کے امتحان منعقد کرنے کا کوئی طریقہ کار نہیں تھا۔ متعلقہ حکام کو چھٹیاں روانہ کرتے ہوئے ملازمتوں کی سفارش کی جاتی تھی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ ہم نے ایک طریقہ کار رائج کیا اور ہمیں کئی بے ضابطگیوں کاپتہ چلا ۔ ہم نے اس کے ذمہ داروں کو پکڑا اور جیل بھیج دیا اس کے باوجود کانگریس مجھے ہی بد نام کررہی ہے‘‘۔اس نئے ضلع کے قیام سے قبل علی جاپور ضلع جھابوا کا حصہ تھا ۔ بھابرا میں منعقدہ جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ ایک ٹی وی جرنلسٹ اکشئے سنگھ کی پر اسرار موت کے بعد  ویاپم اسکام کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی شہرت حاصل ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں حکومت کو اس اسکام کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کرنا پڑا تھا ۔ شیو راج سنگھ چوہان یہاں جدوجہد آزادی کے انقلابی رہنما چندر شیکھر آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوںنے اس ضلع میں واقع بھابرا ٹاون میںانقلابی رہنماء کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا ۔ ویاپم اسکام پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سخت احتجاج کے سبب چہارشنبہ کو مدھیہ پردیش اسمبلی کا اجلاس مقررہ تاریخ سے 9 دن قبل ہی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا اور پارلیمنٹ میں بھی اس مسئلہ پر ہنگامہ جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT