Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / کابل کے ہوائی اڈے کے قریب خود کش حملہ، پانچ ہلاک

کابل کے ہوائی اڈے کے قریب خود کش حملہ، پانچ ہلاک

کابل ۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک چوکی پر خود کش حملہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی اور اس کے نتیجے میں کم از کم پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے میں 17 افراد زخمی ہو گئے ہیں اور ان میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔ ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ کی طرف سے قبول نہیں کی گئی ہے لیکن اس سے قبل کابل شہر میں ہونے والے دھماکے تین دھماکوں میں سے ایک کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔ ان دھماکوں میں 50 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کا ہدف بکتر بند گاڑیوں کا ایک قافلہ تھا۔ کابل پولیس کے سربراہ سید گل آغا روحانی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پیر کی دوپہر ایک خود کش حملہ آور نے شہر کے ہوائی اڈے کے راستے میں پہلی چوکی سے اپنی گاڑی ٹکرا دی۔ دھماکے کے بعد یہ شاہراہ ایمبولینسوں کے سائرنوں سے گونجنے لگی۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گذشتہ چند دنوں میں دہشت گردی کی کئی کارروائیاں ہوئی ہیں اور یہ تازہ حملہ بظاہر انہی کارروائیوں کی ایک کڑی نظر آتا ہے۔ کابل میں گذشتہ جمعہ کو ہونے والے دہشت گردی کے تین سنگین واقعات کے بعد صدر اشرف غنی نے سنیچر کو قومی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر غور کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT