Tuesday , January 23 2018
Home / اضلاع کی خبریں / کابینہ میں رکن اسمبلی یلاریڈی کی شمولیت ضروری

کابینہ میں رکن اسمبلی یلاریڈی کی شمولیت ضروری

پسماندہ علاقہ کے عوام کی دیرینہ آرزو

پسماندہ علاقہ کے عوام کی دیرینہ آرزو
یلاریڈی 19 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی اسمبلی حلقہ جس کے 6 منڈل اور دو لاکھ سے زیادہ رائے دہندے ہونے کے باوجود یہ علاقہ پسماندگی کے دلدل سے آج تک نکل نہیں پایا ہے۔ یلاریڈی مستقر کے عوام آج بھی کئی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ اقتدار میں آئی ٹی آر ایس اس علاقہ سے کابینہ میں ضرور جگہ فراہم کرے گی۔ ایسا اس حلقہ کے عوام کی قوی اُمید تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ جس سے پسماندہ حلقہ کے عوام کو شدید مایوسی ہوئی۔ ایک بار پھر تلنگانہ کے وزیراعلیٰ مسٹر چندرشیکھر راؤ نے اپنی کابینہ کی 22 اکٹوبر کو توسیع کرنے کا اعلان کرنے پر یلاریڈی رکن اسمبلی کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا عوامی مطالبہ ہورہا ہے۔ یلاریڈی حلقہ اسمبلی جو ہر لحاظ سے کافی پسماندگی کا شکار ہے یہاں پر کئی ترقیاتی کام آج بھی ادھورے پڑے ہیں جس سے یہاں کے تعلیم یافتہ طبقہ کے ساتھ ساتھ مزدور پیشہ افراد کو بھی کسی قسم کے ذرائع نظر نہیں آتے جس سے کئی افراد نقل مقام کرنے پر مجبور ہیں۔ اگر رکن اسمبلی رویندر ریڈی کو ریاستی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے اس حلقہ کیلئے مختلف ترقیاتی کام انجام دینے کی راہ ہموار کردی جائے تو ہوسکتا ہے کہ یہ حلقہ آئندہ چار سال میں پسماندگی سے باہر آسکے۔ تلگودیشم کے دور اقتدار میں اس حلقہ کو ترقی دینے کے تمام مواقع فراہم تھے لیکن جان بوجھ کر افسوسناک طور پر نظرانداز کردیا گیا۔ اب تلنگانہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حلقہ سے کابینہ میں نمائندگی کا موقع مسٹر رویندر ریڈی کو فراہم کرے اور حلقہ اسمبلی کو ترقی کی طرف گامزن کرنے کے حالات پیدا کرے۔ یلاریڈی مستقر پر ماڈل ڈگری کالج، آر ٹی سی بس ڈپو، گورنمنٹ جونیر کالج اُردو میڈیم، پینے کے پانی کا مستقل انتظام، لیڈ کیاپ اور پارک اور اس کے تمام منڈلوں پر روزگار کے لئے صنعتوں کا قیام کیا جانا ضروری ہے جس کے بنا پر یہ حلقہ شاید کبھی ترقی کی سمت بڑھ نہیں سکتا۔

TOPPOPULARRECENT