Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / کابینی اجلاس میں مسلم تحفظات نظرانداز

کابینی اجلاس میں مسلم تحفظات نظرانداز

ٹی آر ایس یوم تاسیس کے موقع پر ورنگل میں جلسہ عام و ریالی
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس منعقد ہوا لیکن مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے سلسلہ میں غور و خوض نہیں کیا گیا۔ دو گھنٹے طویل اجلاس میں ایس سی، ایس ٹی سب پلان قانون کے بجائے ایس سی، ایس ٹی اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈ قانون متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر 12 فیصد تحفظات کی فراہمی سے متعلق اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بِل پر غور و خوض کیا جانے والا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء یہ موضوع زیربحث نہیں آیا۔ تاہم اِس معاملہ میں مزید تفصیلات معلوم نہ ہوسکیں۔ اجلاس میں بھودان بورڈ قانون میں ترمیم کو کابینہ نے منظوری دی۔ بھودان تحریک کے روح رواں ونوبھا بھاوے کے نامزد افراد کو بورڈ میں شامل رکھنے کی پابندی کو حکومت ختم کرنا چاہتی ہے۔ اِس کے لئے قانون میں ترمیم ضروری ہے۔ اس کے علاوہ غیر مجاز طور پر قبضہ کی ہوئی بھودان اراضیات کا تحفظ کرنے تحصیلداروں کو مکمل اختیارات دینے کا کابینہ نے فیصلہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ 27 اپریل کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے یوم تاسیس کے موقع پر ورنگل میں بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے اُس دن زبردست ریالی بھی منظم کرنے کی ہدایت دی۔ اس جلسہ میں تلنگانہ حکومت کی کامیابیوں اور ترقیاتی اقدامات سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ جلسہ عام سے قبل حیدرآباد میں ٹی آر ایس کا پلینری سیشن منعقد ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT