Friday , October 19 2018
Home / ہندوستان / کارتی چدمبرم کو ہائیکورٹ کی عبوری راحت ضمانت قبل ازگرفتاری منظور

کارتی چدمبرم کو ہائیکورٹ کی عبوری راحت ضمانت قبل ازگرفتاری منظور

نئی دہلی 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے آج سابق مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اُنھیں عبوری راحت فراہم کی۔ اب 20 مارچ تک اُنھیں آئی این ایکس میڈیا رقومات کی غیر قانونی منتقلی کے سلسلہ میں گرفتار نہیں کیا جاسکے گا۔ جسٹس ایس رویندر بھٹ نے اُن کی درخواست کی سماعت کی تھی اور واضح کردیا کہ خصوصی عدالت نے کارتی چدمبرم کی کرپشن کے مقدمہ میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کردی تھی۔ جبکہ سی بی آئی نے اُن کے خلاف ایک شکایت درج کی تھی۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت ہائیکورٹ کی جانب سے کی جائے گی۔ دریں اثناء سی بی آئی نے کارتی چدمبرم کی آئی این ایکس میڈیا کرپشن مقدمہ میں تفتیش کے لئے مزید 6 دن کی تحویل کی درخواست پیش کی اور کہاکہ نئے ثبوت دستیاب ہوئے ہیں جن کی روشنی میں یہ تفتیش ضروری ہوجاتی ہے۔ تاہم عدالت نے سی بی آئی کی درخواست مسترد کردی۔ سی بی آئی پہلے ہی کارتی کو 9 دن تک تحویل میں رکھ چکی ہے۔ قانون کے تحت کسی بھی ملزم کو تفتیش کے لئے زیادہ سے زیادہ 15 دن تحویل میں رکھا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT