Friday , February 23 2018
Home / ہندوستان / کارسیوکوں پر فائرنگ ‘ ملائم پر مقدمہ درج کیا جائے

کارسیوکوں پر فائرنگ ‘ ملائم پر مقدمہ درج کیا جائے

آدتیہ ناتھ حکومت سے وی ایچ پی کا مطالبہ ۔ سہ روزہ دھرم سنسد میں غور کرنے کا اعلان
لکھنو 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ( وی ایچ پی نے آج اترپردیش حکومت سے کہا ہے کہ وہ سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے خلاف ایف آئی آر درج کرے کیونکہ انہوں نے1990 میں ایودھیا میں کارسیوکوں پر فائرنگ کا حکم دیا تھا جب وہ ریاست کے چیف منسٹر تھے ۔ وی ایچ پی کے میڈیا انچارچ شرد شرما نے ایک بیان میں کہا کہ سماجوادی پارٹی کے بانی نے ایک سے زائد مرتبہ یہ ادعا کیا ہے کہ انہوں نے سکیوریٹی فورسیس کو حکم دیا تھا کہ وہ 1990 میںایودھیا میں کارسیوکوں پر فائرنگ کریں اور اب یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کو چاہئے کہ ان کے بیان کا نوٹ لیتے ہوئے ان کو فوری گرفتار کیا جائے اور مقدمہ درج کیا جائے ۔ شرما نے کہا کہ پولیس فائرنگ میں رام کے جو بھکت ہلاک ہوگئے تھے ان کے افراد خاندان سے رابطہ کیا جائیگا اور حکومت اترپردیش اور عدالت سے اپیل کی جائیگی کہ سماجوادی لیڈر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔ انہوں نے ایودھیا میں فائرنگ کا حکم دینے پر ملائم سنگھ یادو کا جنرل ڈائر سے تقابل کیا جنہوں نے جلیان والا باغ میں فائرنگ کا حکم دیا تھا ۔ شرما نے کہا کہ جس طرح جلیان والا باغ میں برطانوی سامراج میں فائرنگ کی گئی تھی اسی طرح ملائم سنگھ نے بھی اپنی حکومت بچانے بزدلی کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو اپنے فرزند اکھیلیش یادو کو بھی یہی مشورہ دے رہے ہیں۔ وی ایچ پی کی سہ روزہ دھر م سنسد کا 24 تا 26 مارچ کرناٹک میں انعقاد عمل میں آئیگا اور اس میں رام جنم بھومی مسئلہ کے علاوہ ملائم سنگھ یادو کے اس سنگین جرم کے اعتراف پر بھی غور کیا جائیگا ۔ اپنی 79 و یں سالگرہ تقریب کے موقع پر ملائم سنگھ یادو نے اترپردیش پولیس کو فائرنگ کا حکم دینے کی مدافعت کی تھی اور کہا تھا کہ کارسیوک ایودھیا کی سمت مارچ کر رہے تھے اسی لئے ان پر فائرنگ کی گئی تھی ۔ ملائم سنگھ نے کہا تھا کہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کیلئے اگر مزید افراد کو ہلاک کرنے کی ضرورت ہوتی تو وہ بھی کیا جاتا ۔ سابق چیف منسٹر نے کہا تھا کہ 30 اکٹوبر 1990 کو کی گئی فارئنگ میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ فائرنگ کے اس حکمنامہ کے بعد ملائم سنگھ یادو کو ملا ملائم کہا جانے لگا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT