Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / کارناموں پر مطمئن ہوکر تن آسانی میرا شیوہ نہیں : اڈوانی

کارناموں پر مطمئن ہوکر تن آسانی میرا شیوہ نہیں : اڈوانی

حیدرآباد ، 22 جون (رتنا چوٹرانی) پندرہ مرتبہ کے چمپئن کیوئسٹ پنکج اڈوانی کا خواب ہے کہ وہ عصری دور کے لجنڈز جیسے روجر فیڈرر کی تقلید کرتے ہوئے اپنے کھیل کو مسلسل نکھارتے رہیں۔ اڈوانی کا کہنا ہے کہ فیڈرر کا طرزعمل ، اُن کا اسٹائل ہمیشہ ہی متاثرکن رہا اور وہ صحیح معنوں میں مثالی نمونہ ہیں جس کی وہ تقلید کے خواہشمند ہیں۔ وہ گزشتہ دنوں انڈین اوپن ورلڈ رینکنگ اسنوکر ٹورنمنٹ کے مجوزہ تھرڈ ایڈیشن کے موقع پر نمائندہ ’سیاست‘ سے بات چیت کررہے تھے۔ یہ ٹورنمنٹ 5 تا 9 جولائی ایچ آئی سی سی نووٹل حیدرآباد میں منعقد شدنی ہے۔ اس استفسار پر کہ وہ 15 مرتبہ ورلڈ چمپئن شپ جیتنے کے بعد مزید کیا حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، اسٹار کیوئسٹ نے کہا: ’’روجر فیڈرر اور گولفر ٹائیگر ووڈز جیسے کھلاڑی لجنڈز ہونے کے باوجود اپنا کھیل بہتر سے بہتر بنانے کوشاں رہتے ہیں۔ میں ایسا ہی کرنا چاہتا ہوں اور میرے اسپورٹس میں خود کا فروغ چاہتا ہوں، نہ کہ اپنے کارناموں پر مطمئن ہوکر بیٹھ جاؤں۔‘‘ کریئر کے ابتدائی دور میں اسنوکر اور پھر بلیرڈز کی طرف ساری توجہ مبذول کرلینے سے متعلق پوچھنے پر اڈوانی نے کہا کہ وہ دونوں فارمٹس دنیا بھر کے مختلف سرکٹس میں کھیلتے ہیں۔ انگلینڈ میں 2012-13ء میں وہ اسنوکر کھیلے۔ ایسا کہنا غلط ہے کہ وہ اسنوکر ترک کرچکے ہیں، بلکہ وہ بلیرڈز اور اسنوکر دونوں طرز میں کھیلتے ہیں اور اُن کیلئے چیلنج ہے کہ دونوں فارمٹس میں مہارت حاصل کریں۔انھوں نے مابعد ریٹائرمنٹ منصوبوں کے بارے میں کہا کہ وہ کوئی اکیڈیمی قائم کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT