Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کارپوریٹرس کا تربیتی کیمپ ، چیف منسٹر کے سی آر کی طویل ترین تقریر

کارپوریٹرس کا تربیتی کیمپ ، چیف منسٹر کے سی آر کی طویل ترین تقریر

لکچر کی مہارت سے کارپوریٹرس ، وزراء اور عہدیداران کی مرکز توجہ ، سرزنش سے توجہ دہانی
حیدرآباد۔ 11۔ اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے نو منتخب ٹی آر ایس کارپوریٹرس کیلئے منعقدہ ٹریننگ کیمپ میں ایک ماہر لکچرر کی طرح ڈھائی گھنٹے سے زائد تک مختلف امور کا احاطہ کرتے ہوئے کارپوریٹرس کو مشورے دیئے اور نصیحت بھی کی ۔ ٹریننگ کیمپ میں شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء اور بلدی نظم و نسق کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔ اپنی طویل تقریر کے دوران چیف منسٹر نے ہر ایک کو ہمہ تن گوش رکھنے کیلئے انہیں وقفہ وقفہ سے اہم پوائنٹس نوٹ کرنے پر توجہ دلائی اور بعض مواقع پر ہلکی سرزنش بھی کی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کا نام لیتے ہوئے انہیں پوائنٹس نوٹ کرنے کی ہدایت دی۔ تقریر کے دوران کے سی آر نے کمشنر گریٹر حیدرآباد جناردھن ریڈی اور دیگر عہدیداروں سے بعض سوالات کئے ۔ انہوں نے شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء سرینواس یادو اور پدما راؤ کے علاقوں میں اپنے دورے اور وہاںکے عوامی مسائل کا ذکر کیا ۔ چیف منسٹر کی جانب سے ہر شخص پر نظر رکھے جانے سے صورتحال اس قدر سنجیدہ تھی کہ تمام کارپوریٹرس کے علاوہ ارکان اسمبلی ، اعلیٰ عہدیدار اور وزراء بھی پوائنٹس کو نوٹ کر رہے تھے۔ دلچسپ بات تو یہ تھی کہ کابینہ کے سینئر ترین اور بزرگ وزیر این نرسمہا ریڈی بھی پوری توجہ کے ساتھ  چیف منسٹر کی تقریر کو نوٹ کر رہے تھے۔ عام طور پر طویل تقریر کے دوران سامعین میں بیزارگی پیدا ہوجاتی ہے لیکن چیف منسٹر ڈھائی گھنٹے سے زائد تک ہر کسی کو اپنی جانب متوجہ رکھا۔ تقریر کے دوران بعض مواقع پر  انہوں نے اعداد و شمار پیش کئے اور شکایت کی کہ کوئی بھی یہ پوائنٹس نوٹ نہیں کر رہا تھا ۔ انہوں نے رکن اسمبلی گاندھی کا نام لیکر انہیں مشورہ دیا کہ وہ نوٹ بک حاصل کریں اور تقریر کے پوائنٹس نوٹ کریں۔ کے سی آر نے میئر سمیت تمام کارپوریٹرس کو ہدایت دی کہ وہ تین روزہ تربیتی کیمپ کے اختتام تک شہر کی ترقی کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کریں ۔ انہوں نے کارپوریٹرس سے کہا کہ حیدرآباد کا ماضی ، حال اور مستقبل کے بارے میں تجزیاتی جائزہ لیکر اپنی تجاویز پیش کریں۔ ٹریننگ کیمپ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی ، پدما راؤ ، سرینواس یادو کے علاوہ میئر ڈی رام موہن ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، ارکان اسمبلی اور ٹی آر ایس کے 99 نومنتخب کارپوریٹرس نے شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT