Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / کارپوریٹ اسکولس میں من مانی فیس کے خلاف احتجاج

کارپوریٹ اسکولس میں من مانی فیس کے خلاف احتجاج

ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن کا گھیراؤ کی کوشش ناکام
حیدرآباد۔22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کی محاذی طلباء تنظیم تلگو ناڈو اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں میں من مانی فیس وصول کرنے کے طریقہ کار کو ختم کرنے کے مطالبہ پر ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن کا گھیرائو کرنے کی اپیل پر آج غیر معمولی طور پر کثیر تعداد میں طلباء ریالیوں کی شکل میں جمع ہوئے جس کے باعث صورتحال پرتشدد ہوگئی۔ بڑی ریالیوں کی شکل میں آنے والے احتجاجی طلباء زبردستی دفتر ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن ریاست تلنگانہ میں گھسنے کی کوشش کررہے تھے۔ لیکن کثیر تعداد میں تعینات پولیس نے طلباء کی ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے طلباء کو ڈھکیل رہے تھے جس کے نتیجہ میں طلباء اور پولیس کے مابین زبردست رسہ کشی کا سلسلہ چل پڑا اور صورتحال ہنگامہ خیز و پرتشدد شکل اختیار کرگئی۔ پولیس نے حالات کا اندازہ لگاتے ہوئے فی الفور احتجاجی طلباء کو حراست میں لے کر گاڑیوں میں چڑھانا شروع کردیا لیکن اس موقع پر بھی طلباء و پولیس ملازمین میں زبردست رسہ کشی جاری رہی۔ تاہم پولیس نے مزید بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے احتجاجی طلباء کو ایک کے بعد دیگرے حراست میں لے کر فوری طور پر ان طلباء کو گاندھی نگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ اسی دوران صدر ریاستی تلگو ناڈو اسٹوڈنٹس فیڈریشن مسٹر مدھو سدن نے طلباء کے درپیش مسائل کی یکسوئی اور اندھادھند و من مانی فیسوں کی وصولی کا تدارک کرنے کے مطالبہ پر احتجاج کرنے والے طلباء کے ساتھ پولیس کی ظلم و زیادتی کی سخت مذمت کی اور شدید احتجاج کرتے ہوئے کارپوریٹ اسکولوں کی حکومت ہی بھر پور تائید کررہی ہے اور من مانی فیس میں اضافہ کرکے وصول کرنے کے باوجود اسکا تدارک کرنے کے لئے حکومت کوئی اقدامات کرنے سے عمداً گریز کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے سرکاری اسکولوں میں طلباء کو تمام تر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ اور غیر مسلم تمام اسکولوں کو فوری بند کردینے کا بھی مطالبہ کیا۔ اندرون ایک ہفتہ ان کے مطالبات کی یکسوئی نہ کرنے کی صورت میں ایک لاکھ طلباء کے ساتھ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو کے فارم ہائوز کا گھیرائو کرنے کا سخت انتباہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT