Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / کارگذار صدر تلنگانہ تلگو دیشم ریونت ریڈی کے طریقہ کار پر اعتراض

کارگذار صدر تلنگانہ تلگو دیشم ریونت ریڈی کے طریقہ کار پر اعتراض

ریمارکس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ تلگو دیشم رکن کونسل اے پی پی کیشو کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سینئیر تلگو دیشم قائد و رکن قانون ساز کونسل آندھرا پردیش مسٹر پی کیشو نے کارگزار صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی کے طریقہ کار پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ ان کے تعلق سے ریونت ریڈی کے ریمارکس سے انہیں کافی تکلیف پہونچی ہے ۔ اخباری نمائندوں سے اننت پور میں غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی کی جانب سے کئے ہوئے ریمارکس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرنے یا نہ کرنے کے مسئلہ پر وہ تجسس میں مبتلا تھے اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے مسٹر ریونت ریڈی ملاقات کرنے کے بعد ہی اپنے ردعمل کا اظہار کرنا چاہتے تھے لیکن عوام میں اس تعلق سے غلط اشارے جانے کے امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے ردعمل کا اظہار کرنا مناسب سمجھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو بھی اظہار خیال کررہے ہیں شخصی طور پر ہی کررہے ہیں ۔ پارٹی کی جانب سے نہیں کررہے ہیں ۔ مسٹر پی کیشو نے پر زور الفاظ میں کہا کہ وہ گذشتہ زائد از 25 سال سے ایک پابند ڈسپلن سپاہی کی طرح پارٹی میں کام کررہے ہیں اور محض صدر قومی تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی ہمت افزائی کے نتیجہ میں ہی میں ( پی کیشو ) اور اے ریونت ریڈی پارٹی میں اپنا ایک مقام بناسکے ۔ جب کہ حقیقت تو یہ ہے کہ ان کے مقابلہ ریونت ریڈی کی مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کافی ہمت افزائی کی ہے ۔ مسٹر پی کیشو نے انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ وہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران مسٹر ریونت ریڈی کے دورہ دہلی کی مکمل تفصیلات رکھتے ہیں اور چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ریونت ریڈی کی ملاقات کے بعد ہی ریونت ریڈی کے دہلی دوروں کی مکمل تفصیلات کا انکشاف کریں گے بلکہ اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسٹر ریونت ریڈی کے لیے کبھی بھی اپناذاتی ایجنڈہ ہی قابل ترجیح ہوا کرتا ہے ۔ مسٹر کیشو نے یاد دلایا کہ ریونت ریڈی کے جیل جانے پر سب سے پہلے ردعمل کا اظہار کرنے والے وہ پہلے قائد تھے ۔ مسٹر پی کیشو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر چندرا شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت سے انہیں جوڑنا انتہائی ظلم و ستم اور دغا بازی کے سوا اور کچھ نہیں ہے اور کہا کہ ریونت ریڈی کی جانب سے کئے ہوئے ریمارکس سے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ خود ریونت ریڈی کو ہی زبردست نقصان پہونچے گا۔ قائد تلگو دیشم پارٹی مسٹر پی کیشو نے کہا کہ تلنگانہ میں میرے کسی بھی نوعیت کے تجارتی کاروبار ہرگز نہیں ہیں ۔ یہاں تک کہ حیدرآباد میں ایک قطعہ اراضی ( پلاٹ ) تک نہیں ہے اور اس طرح میرے کوئی تجارتی کاروبار نہ رہنے کے باوجود بات کرنے سے قبل ریونت ریڈی اپنے تجارتی کاروبار کی تفصیلات کے تعلق سے بات کرتے تو بہتر رہتا ۔ انہوں نے سب سے پہلے اپنے تجارتی کاروبار کے تعلق سے بات کرنے کا ریونت ریڈی کو چیلنج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر رکن پارلیمان کے کویتا کے ساتھ مل کر کمپنی رجسٹر نہیں کروائی ۔ کیا یہ بات صحیح نہیں ہے ؟ علاوہ ازیں مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ساتھ مسٹر ریونت ریڈی کے تال میل کی برقراری آیا صحیح نہیں ہے ؟ مسٹر پی کیشو نے پر زور الفاظ میں کہا کہ قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ریونت ریڈی کی ملاقات کے فوری بعد مسٹر ریونت ریڈی کے حقائق پر مبنی مکمل تفصیلات کا برسر عام انکشاف کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT