Monday , November 19 2018
Home / Top Stories / کار ہائی وے سے گر کر درخت میں پھنس گئی، خاتون ڈرائیور چھ روز بعد زندہ ملی

کار ہائی وے سے گر کر درخت میں پھنس گئی، خاتون ڈرائیور چھ روز بعد زندہ ملی

واشنگٹن ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی خاتون کیساتھ ایک ایسا واقعہ پیش آیا جو ہم فلم کے پردے پر دیکھتے ہیں۔ واقعہ یہ ہیکہ ایک شاہراہ پر وہ اپنی کار کو تیز رفتاری کیساتھ دوڑا رہی تھی کہ اچانک وہ کار پر اپنا قابو کھو بیٹھی اور کار شاہراہ پر لگی ریلنگ سے ٹکرا کر 50 فیٹ نیچے گرنے کے بعد ایک بڑے درخت میں پھنس گئی۔ یہ واقعہ یا حادثہ قومی شاہراہ نمبر 60 پر جو فینیکس سے 80 کیلو میٹر شمال میں واقع ہے 12 اکٹوبر کو رونما ہوا۔ اس حادثہ میں کار اگر زمین سے ٹکرا جاتی تو اس کا پاش پاش ہوجانا اور 53 سالہ خاتون کا ہلاک ہوجانا یقینی تھا لیکن کار کسی فلمی کہانی کی طرح ایک بڑے درخت میں پھنس کر معلق ہوگئی۔ اس حادثہ کا چونکہ کوئی عینی شاہد نہیں تھا لہٰذا اسکے بارے میں کسی کو معلوم نہیں ہوا اور خاتون چھ دنوں تک بغیر پانی اور غذا کے زندہ رہی۔ 18 اکٹوبر کو اریزونا ہائی وے کے مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کے کچھ ارکان اور ایک رینچر وہاں کچھ صاف صفائی کیلئے پہنچے اور انہوں نے درخت میں کار کو پھنسا دیکھا تاہم انہیں کار میں کسی انسان کے موجود ہونے کے آثار نہیں ملے۔ اسی درخت سے بالکل نیچے 457 میٹر تک پیدل چلنے کے بعد مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کے ارکان کو متاثرہ خاتون نظر آئی جو انتہائی کمزور اور زخمی حالت میں تھی۔ اسے فوری بذریعہ ہیلی کاپٹر ہاسپٹل پہنچایا گیا۔ اس موقع پر پبلک سیفٹی کے ڈائرکٹر کرنل فرینک ملسٹیڈ نے مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کے ارکان اور رینچر کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے ایک انسانی جان بچانے میں اہم رول ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT